جنتی مشروب,ٹھنڈا دودھ بھی فائدہ مند ہے ✍️حفصہ فاروق بنگلور
تیزابیت کا بہترین علاج ایک گلاس ٹھنڈا دودھ ہے، اگر آپ کے سینے میں جلن ہے تو آپ ایک گلاس ٹھنڈا دودھ پی سکتے ہیں
دودھ، چاہے ٹھنڈا ہو یا گرم، وہ صحت کیلئے بہت مفید ہوتا ہے۔ یہ نا صرف کیلشیم اور وٹامن ڈی سے مالا مال ہے بلکہ دودھ میں صحت کو فروغ دینے والے ضروری غذائی اجزاء بھی شامل ہیں۔ یہاں ماہرین ٹھنڈے دودھ کے کچھ حیرت انگیز فوائد بتا رہے ہیں جن کے بارے میں شاید آپ پہلے نہیں جانتے ہوں گے۔ ایک مطالعہ سے معلوم ہوا ہے کہ دودھ میں کیلشیم کا مواد جسم میں موجود زائد کیلوریز کی مقداد کو کم کرتا ہے اور مستحکم وزن کو بھی برقرار رکھتا ہے جبکہ دودھ کی صحت مند چکنائی سے بلڈپریشر کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ہم عام طور پر گرم دودھ کا استعمال کرتے ہیں لیکن ماہرین کہتے ہیں ٹھنڈا دودھ بھی صحت سے متعلق حیرت انگیز فوائد فراہم کرتا ہے جیسے یہ تیزابیت ختم کرتا ہے، چہرے کی جِلد کو نِکھارتا ہے، آئیے آج ان فوائد کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
تیزابیت کا بہترین علاج ایک گلاس ٹھنڈا دودھ ہے، اگر آپ کے سینے میں جلن ہے تو آپ ایک گلاس ٹھنڈا دودھ پی سکتے ہیں۔ اس سے آپ کو فوری آرام مل سکتا ہے، اس کے علاوہ ٹھنڈا دودھ السر کے مریضوں کے لئے بھی بہت مفید ہوتا ہے، اس سے السر کا مرض ختم ہونے میں بھی مدد ملتی ہے۔ٹھنڈا دودھ آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لئے ایک بہترین مشروب ہے۔حد سے زیادہ کافی اور چائے جیسے مشروب پینے سے ہمارے گردوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کے نتیجے میں ہمارے جسم کو پانی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تاہم، جب مشروبات میں پوٹاشیم اور سوڈیم جیسے غذائی اجزاء اور الیکٹرو لائٹس ہوتے ہیں تو اس سے ہمارا جسم ہائیڈریٹ رہتا ہے اور ٹھنڈا دودھ بھی انہی مشروبات میں سے ایک ہے۔ ٹھنڈا دودھ وزن کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ ٹھنڈے دودھ میں کیلشیم کی موجودگی آپ کے جسم کے میٹابولزم کے عمل کو بہتر بناتی ہے اور اس طرح جسم میں موجود زائد کیلوریز کی تعداد کم ہوتی ہے۔لیکن بلغمی مزاج لوگوں کو ٹھنڈا دودھ نقصاندہ ہوتا ہے لہٰذا اپنی طبیعت یامعالج کے مشورہ کے مطابق ٹھنڈا دودھ استعمال کریں۔
ایک گلاس ٹھنڈا دودھ پینے سے آپ کو کافی دیر تک بھوک بھی نہیں لگتی اور غیر ضروری غذا کھانے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ٹھنڈا دودھ آپ کی جلد کے لئے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔ یہ حیرت انگیز ٹونر کا کام کرتا ہے جسے آپ چمکتی ہوئی جلد حاصل کرنے کے لئے ہر روز استعمال کرسکتے ہیں۔ ٹھنڈا دودھ لیں اور پھر روئی کی بال لیکر اس دودھ میں بھگو کر اپنے چہرے پر آہستہ آہستہ مساج کریں۔ یہ وٹامن اے اور دوسرے اینٹی آکسیڈینٹ کا ایک پرکشش ذریعہ ہے جو آپ کے چہرے کو چمکنے میں مدد کرتا ہے، داغ دھبوں، کیل مہاسوں اور ایکنی کو مزید کم کرتا ہے۔
اگر آپ کی جلد خشک ہے تو ٹھنڈا دودھ یقینا آپ کی مدد کرسکتا ہے کیونکہ یہ جلد کی pH سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے جس کے لئے ٹھنڈے دودھ میں لیموں کے رس اور عرق گلاب کے چند قطرے شامل کریں اور پھر اس میں روئی کو بھگو دیں۔ اسے اپنے چہرے پر لگائیں اور 10 منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد اپنے چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ آپ کی جلد تر وتازہ ہوجائے گی۔



