بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکہ: 30 برس قبل کرائے کے قاتل سے بیوی کا قتل کرانے والے کو سزائے موت

سابق پولیس افسر کرائے کے قاتلوں کی مدد سے اپنے بیوی کے قتل کرنے کے مجرم تھے

نیویارک، 11جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) 65 سالہ شخص کو منگل کو دن میں سزائے موت دی جانی تھی، تاہم عدالتی کارروائی کی وجہ سے کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔ سابق پولیس افسر کرائے کے قاتلوں کی مدد سے اپنے بیوی کے قتل کرنے کے مجرم تھے۔امریکی ریاست ٹیکساس کے حکام نے بتایا ہے کہ تقریباً 30 برس قبل، جس سابق پولیس افسر پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے لیے کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، انہیں منگل کی رات کو آخری لمحات کی قانونی چارہ جوئی کے بعد موت کی سزا دے دی گئی۔ حکام کے مطابق 65 سالہ رابرٹ فریٹا Robert Fratta  کو منگل کو دن میں ہی سزائے موت دی جانی تھی، تاہم ٹیکساس کے جج کے ایک اچانک فیصلے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک مہلک انجکشن کی مدد سے سزائے موت پر عمل ٹل گیا۔

 سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ جج کیتھرین ماؤزی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حکام کا موت دینے کے لیے جس دوا کا استعمال کرنے کا ارادہ ہے وہ استعمال نہیں کی جا سکتی، کیونکہ یہ غالباً ایک غیر قانونی عمل ہو گا، کیونکہ اس دوا کی میعاد ختم ہونے کا امکان زیادہ ہے۔رابرٹ فریٹا نے موت کی سزا کے منتظر متعدد دیگر قیدیوں کے ساتھ مل کر آخری لمحات میں عدالت میں اپیل دائر کی تھی، جس میں یہ دلیل دی گئی تھی کہ معیاد ختم ہونے والی مہلک دوا پینٹو باربیٹل کا استعمال ایک ظالمانہ سزا ہو گی اس لیے امریکی آئین کے تحت اس کے استعمال پر روک لگنی چاہیے۔ضلعی سطح کی عدالت نے روک لگا دی، تاہم ٹیکساس کی اعلی عدالت نے ماؤزی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس سزا پر عمل کرنے کا حکم دیا۔ ریاستی سپریم کورٹ نے مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مہلک انجکشن کے استعمال کی اجازت دے دی۔

ٹیکساس کے محکمہ انصاف کی طرف سے منگل کی رات کو ایک بیان میں کہا گیا کہ فریٹا کو شام کے تقریباً سات بج کر 50 منٹ پر مردہ قرار دیا گیا اور موت سے قبل انہوں نے اپنا کوئی آخری بیان بھی نہیں دیا۔رابرٹ فریٹا سن 1994سے ہی جیل میں تھے، جب استغاثہ نے ان پر اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے لیے اپنے ایک جاننے والے سے رابطہ کرنے کا الزام عائد کیا، جس نے 33 سالہ فرح فریٹا کو قتل کرنے کے لیے انہیں کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کرنے میں مدد فراہم کی تھی۔قانونی دستاویزات کے مطابق میاں اور بیوی میں طلاق اور اپنے تین بچوں کی تحویل کے حوالے سے تلخ لڑائی چل رہی تھی۔ عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ رابرٹ فریٹا نے اس وقت اپنے بہت سے دوستوں اور جاننے والوں سے درخواست کی کہ وہ اسے مار ڈالیں یا کسی ایسے شخص کے بارے میں بتائیں، جو اسے قتل کر سکتا ہو۔

ابتدائی طور پر ان کے اکثر دوستوں کا خیال یہ تھا کہ شاید وہ مذاق کر رہے ہیں، یا پھر مبالغہ آرائی سے کام لے رہے ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جب وہ اس بارے میں اور زیادہ بات کرتے رہے، تو ان میں سے کچھ کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ وہ اس معاملے میں سنجیدہ ہیں۔پھر فریٹا نے اپنے جم کے ایک ساتھی شخص سے رابطہ کیا، جس نے ایک کرایے کے قاتل کی خدمات فراہم کیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق فریٹا نے اس شخص کو اپنی بیوی کے قتل کے لیے ایک ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔فریٹا کو پہلی بار سن 1996میں موت کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن 2007 میں ایک تکنیکی وجہ سے اس فیصلے کو پلٹ دیا گیا تھا۔ پھر دوسری سماعت کے بعد سن 2009 میں انہیں پھر سے سزائے موت سنائی گئی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button