اسپورٹس

لاہور میں موجود 32 ہندوستانی کھلاڑیوں کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ہی پورے ملک میں ہنگامہ

نئی دہلی، 10مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ہی پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہے۔ چاروں طرف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور آگ زنی کے ساتھ ساتھ کچھ مقامات پر مبینہ طور پر بمباری کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ اس درمیان برج ٹورنامنٹ (کارڈ یعنی تاش کا مقابلہ) میں حصہ لینے لاہور گئے ہندوستانی کھلاڑیوں کو فوراً پاکستان چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دراصل ہندوستان کے 32 کھلاڑی لاہور میں چل رہے ایشین اینڈ مڈل ایسٹ برج ٹورنامنٹ میں حصہ لینے گئے تھے۔ یہ ٹورنامنٹ 5 مئی کو شروع ہوا تھا اور 13 مئی کو یہ ختم ہونا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے واگھہ بارڈر سے پاکستان میں انٹری کی تھی، لیکن اب ہندوستانی ہائی کمیشن نے انھیں فوراً لاہور سے ہندوستان واپس لوٹنے کی ہدایت دی ہے۔

اس کا مطلب صاف ہے کہ برج ٹورنامنٹ درمیان میں ہی روکا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں چل رہے برج ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے علاوہ فلسطین، سعودی عرب، یو اے ای، اردن اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی بھی حصہ لینے پہنچے ہیں۔ جس طرح کے حالات پاکستان میں پیدا ہو گئے ہیں، اسے دیکھنے کے بعد یہی لگ رہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کو درمیان میں ہی ملتوی کرنا پڑسکتا ہے۔ اچھی بات یہ رہی کہ پاکستان دورہ پر گئی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اس تشدد کی زد میں نہیں آئی، کیونکہ وہ اپنا دورہ مکمل کر کے ملک واپس لوٹ چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button