آم، تربوز اور خربوزے کے ساتھ لیچی بھی موسم گرما کا پھل ہے جس کے کچھ حیرت انگیز فوائد ایسے ہیں جس سے شاید آپ لا علم ہوں، لیچی مدافعتی نظام اور خون کے دورانیے سے لے کر جلد کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق اس میں وٹامن سی کی زائد مقدار پائی جاتی ہے جب کہ یہ جسم میں پانی کی کمی کو بھی پورا کرتی ہے۔ہم آپ کو لیچی کے ایسے فوائد بتارہے ہیں جو آپ کی صحت کو مزید بہتر کرسکتے ہیں۔
مدافعتی نظام
لیچی کے اندر وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے اس کے ساتھ ہی یہ سو فیصد ایسکوربک ایسڈ اے بی اے بھی فراہم کرتی ہے جو قوت مدافعت کیلئے مفید ہے۔ وٹامن سی خون کے وائٹ سیلز کو بھی متحرک کرتا ہے۔
ہاضمہ تیز کرتا ہے
لیچی فائبر بھی فراہم کرتی ہے جو کہ ہاضمے کی قوت کو بڑھاتا ہے۔ اس کی وجہ سے قبض، پیشاب اور پیٹ میں تکالیف کی شکایت سے محفوظ رہا جاسکتا ہے جب کہ یہ گیسٹرک کی شکایت کو بھی دور کر دیتی ہے جس کی وجہ سے ہاضمے کا نظام بہتر طور پر کام کرتا ہے۔
وائرس کش
لیچی میں پرانتھوساینڈنز اور لیچیٹینین ہوتا ہے جس کے اندر یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ وہ ہر قسم کے وائرس سے تحفط فراہم کرسکتا ہے اور اس طرح جسم میں وائرس کو پھیلنے سے روکتا ہے۔
خون کی گردش
لیچی میں کاپر کی مقدار بھی شامل ہوتی ہے جس کی مدد سے جسم میں خون کی گردش بہتر ہوتی ہے جب کہ آئرن اور کاپرجسم میں ریڈ بلڈ سیلز بنانے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ریڈ بلڈ سیلز کی تعداد زیادہ سے زیادہ ہونا خون کی گردش، آرگنز اور سیلز کی آکسیجینیشن بڑھاتے ہیں۔
بلڈ پریشر
لیچی ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے یہ بلند فشار خون کو قابو کرتی ہے کیونکہ اس میں شامل فلوئیڈ بلڈپریشر کو نارمل کرتا ہے۔لیچی میں پوٹاشیم زیادہ اور سوڈیم کم پایا جاتا ہے جو بلڈ پریشر کا توازن برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
جلد اور جھائیاں
لیچی جلد کو جھائیوں، داغ اور دھبوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس میں پائے جانے والے وٹامن سی جلد کی تمام شکایات کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
وزن کی زیادتی
لیچی میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے اس لیے یہ وزن کو بڑھنے نہیں دیتی۔ اس پھل میں فائبر کی مقدار وزن کم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے جب کہ اسے وزن کم کرنے کے لیے آئیڈیل پھل بھی سمجھا جاتا ہے۔
سوزش
لیچی فلیوینول سے بھرپور ہوتی ہے جو ٹشوز کو نقصان پہنچنے سے بچاتے ہیں اور اس کی مدد سے سوزش سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
مضبوط ہڈیاں
لیچی میں شامل میگنیشیم، فاسفورس، آئرن، میگنیز اور کاپر کیلشیم کو ہڈیوں میں جذب کرتے ہیں جس سے ہڈیاں مضبوط اور طاقتور ہونے میں مدد ملتی ہے۔



