
آخری 2 ٹیسٹ میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان

نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ ڈے نائٹ ہوگا۔ آخری دو ٹیسٹ میچ احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 24 فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا ، جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ی پرہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 317 رنز سے شکست دی۔آخری دو ٹیسٹوں سے ہندوستانی ٹیم میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ لیکن امیش یادو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو احمد آباد میں اپنی فٹنس ثابت کرنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اسی کے ساتھ ہی شاردال ٹھاکر کو وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے کے لئے ٹیم سے ریلیز کردیا گیا ہے۔سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ احمد آباد میں پنک بال کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کے خلاف پہلی بار ہندوستانی ٹیم ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے جارہی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیائی دورے پر ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں ایک دن رات ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، جس میں ہندوستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



