
بارسلونا: (اردودنیا.اِن)لیونل میسی نے اپنے ریکارڈ 506 ویں میچ میں ایک گول کیا ، لیکن اس کے باوجود کیڈج نے بارسلونا کو 1-1 کی برابری پر روک کر اس کے ہسپانوی فٹ بال لیگ لا لیگا میں خطاب کی امیدوں کو جھٹکا دے دیا۔
بارسلونا چمپئنز لیگ میں پیرس سینٹ جرمین کے ہاتھوں4-1سے شکست کے بعد ہسپانوی لیگ کے میچ میں فتح کے راستے پر جارہی تھی لیکن کیڈج نے 88 ویں منٹ میں پنالٹی حاصل کی جسے متبادل کھلاڑی ایلیکس فرنینڈس نے گول میں تبدیل کردیا۔ میسی نے ہسپانوی لیگ میں ریکارڈ 506 ویں میچ میں اترکر32 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے بارسلونا کو آگے کردیاتھا۔
اس کے بعد بھی بارسلونا کے پاس گول کرنے کے بہت سے امکانات تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ بارسلونا اس وقت لیگ میں تیسرے نمبر پر ہے لیکن وہ ٹاپ پر قابض اٹلیٹیکو میڈرڈ سے آٹھ پوائنٹس پیچھے ہے اور دوسرے نمبر کی ٹیم ریال میڈرڈ سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے۔



