
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی دوڑ دلچسپ ہو رہی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ہی چمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس سال کے آخر میں لارڈز میں فائنل میں پہنچنے کا ایک موقع ہندوستان اور انگلینڈ کے پاس ہے۔ ادھر آسٹریلیائی ٹیم کی نظر ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین جاری سیریز کے نتیجے پر لگی ہے۔
ٹیسٹ چمپئن شپ کے بارے میں زیادہ نہ سوچیں ، ہر میچ اہم ہے
ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین ڈے / نائٹ ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا اور ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ بہت اہم ہیں ،تاہم تیسرے ٹیسٹ سے قبل ہندوستان کے سابق بلے باز گوتم گمبھیر نے کہا کہ وراٹ کوہلی کی سربراہی میں ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے بارے میں سوچنے کے بجائے گلابی بال ٹیسٹ پر توجہ دینی چاہئے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین چار میچوں کی سیریز ابھی 1-1 سے برابر ہے۔ اگر ہندوستان جاری سیریز میں کم سے کم 2-1کے فرق سے جیت جاتا ہے تو وہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں جگہ بنالے گا۔ انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 317 رنز شکست دی تھی۔
وراٹ کوہلی کی سربراہی میں ہندوستانی ٹیم ڈبلیو ٹی سی کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ایسی صورتحال میں سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ ہر ٹیسٹ میچ اہم ہوتا ہے ، کسی کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے بارے میں نہیں سوچنا چاہئے۔ ٹیم کو اس گلابی بال ٹیسٹ پر توجہ دینی چاہئے۔ میرے خیال میں یہ ایک اچھا ٹیسٹ میچ ہوگا۔



