سرورق

بے شمار فوائد,کھجور ایک مکمل غذا

حکیم محمد عدنان حبان نوادر رحیمی شفاخانہ بنگلور

کھجور کو اگر دنیا کی سب سے پھل کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا، کیوں کہ یہ پھل غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کھجور کو خشک میوہ بھی کہا جاتا ہے۔ کھجور کا ذائقہ میٹھا اور دل کش ہوتا ہے، اور اس میں کیلوریز کی مقدار بھی دوسرے خشک میوہ جات کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ کھجور کی متعدد اقسام ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ان میں سے ہر قسم غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔ کھجور میں پائے جانے والے غذائی اجزاء یہ ہیں: فائبر، پوٹاشیم، میگنیشیم، میگنیز، کاپر، وٹامن بی6، پروٹین، اور آئرن۔کھجور کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

قوتِ مدافعت کیلئے

کھجور میں پائے جانے والے مختلف غذائی اجزاء کی وجہ سے مدافعتی نظام کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھجوروں میں فینولک مرکبات، کیروٹینز، اور وٹامنز بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

دمہ کیلئے

عام طور پر زیادہ تر لوگوں کو سردیوں میں دمہ کی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ کچھ افراد سارا سال اس بیماری کا شکار رہتے ہیں۔ کھجور کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے دمے کی علامات کے ساتھ سانس کی دیگر الرجیز کا علاج بھی ممکن ہوتا ہے۔دمہ کی علامات اور سانس کی الرجیوں سے چھٹکارا پانے کیلئے ہر روز صبح شام کھجور کو لازمی استعمال کرنا چاہئے۔

بھوک نہ لگنے کیلئے

اس پھل میں غذائی فائبر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے۔کھجور کھانے کے بعد اگر پانی پی لیا جائے تو بہت دیر تک بھوک نہیں لگتی، کیوں کہ پانی اور کھجور بھوک کو کم کرتے ہیں۔

میٹھے کی کمی کیلئے

چینی اور اس سے بنی ہوئی میٹھی اشیاء میں کاربوہائڈریٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جن کو استعمال کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا ہے۔ میٹھی چیزوں کو ہر روز استعمال کرنے سے ذیابیطس اور موٹاپے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔اس کے برعکس کھجوروں میں قدرتی میٹھاس زیادہ ہوتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتی۔ کھجوریں کھانے سے میٹھا کھانے کی خواہش میں بھی کمی آتی ہے جب کہ صحت پر مفید اثرات بھی ظاہر ہوتے ہیں۔

دل کیلئے

کھجور کو متوازن مقدار میں پوٹاشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، پوٹاشیم ایک نہایت ضروری منرل ہے جو جسم میں الیکٹرو لائٹس کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پوٹاشیم بلڈ پریشر، نبض اور اعصابی نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتی ہیں، جس کی وجہ سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کیلئے

اینٹی آکسیڈنٹس بیماریوں کے خلاف لڑنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، جب کہ کھجوریں اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو فری ریڈیکلز کے نقصانات سے بچاتے ہیں، جس کی وجہ سے بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔کھجوروں میں کیروٹینائڈز، فلاوونائڈز، اور فینولک ایسڈ جیسے اینٹی آکسیڈینٹ پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ذیابیطس اور جسم میں ہونے والی قدرتی سوزش کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں۔

قبض کیلئے

طبی ماہرین کے مطابق ہر روز انسان کو بیس سے تیس گرام تک فائبر ضرور استعمال کرنی چاہئے، کھجوریں چونکہ غذائی فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں اس لیے ان کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ خوراک میں غذائی فائبر کی مقدار بڑھانے سے آنتوں کی صحت میں بہتری آتی ہے اور قبض کم ہو جاتا ہے۔

آنکھوں کیلئے

عمر بڑھنے کی وجہ سے آنکھوں کے امراض کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جب کہ کھجور میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو ان خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کھجور میں ایسے کیروٹینز پائے جاتے ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہوئے آنکھوں کے پٹھوں کی تنزلی اور موتیا جیسی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔

ہڈیوں کیلئے

کھجوریں سیلینیم، کاپر اور میگنیشیم جیسے منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں جو ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں بہت مفید سمجھے جاتے ہیں اور ہڈیوں کے امراض کے خطرات بھی کم کرتے ہیں۔ کھجوروں میں وٹامن کے بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کو میٹابولائز کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔جو لوگ ہڈیوں کے بھربھرے پن کا شکار ہوں ان میں ہڈی ٹوٹنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے افراد کے لیے کھجوریں ہڈیوں کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

قوت باہ کیلئے

کھجوروں کو سینکڑوں سالوں سے مردانہ طاقت میں اضافے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جب کہ جدید طبی تحقیقات کے مطابق بھی کھجوریں جنسی صلاحیت کو بڑھاتی ہیں۔ اس لیے جو لوگ جنسی کمزوری کا شکار ہوں، ان کو باقاعدگی کے ساتھ کھجوریں استعمال کرنی چاہئیں۔

اعصاب کیلئے

کھجوروں کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے وٹامنز بی کی متوازن مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔ وٹامن بی پروٹینز، چکنائی اور کاربوہائڈریٹس کو میٹابولائز کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی وجہ سے جسم کو توانائی حاصل ہوتی ہے۔جسمانی کمزوری کی صورت میں تھکاوٹ اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متوازن مقدار میں جسم کو توانائی فراہم کرنے کی وجہ سے کھجوریں جسمانی کمزوری لاحق نہیں ہونے دیتیں۔ جسمانی توانائی برقرار رہنے کی وجہ سے اعصابی نظام میں بھی بہتری آتی ہے۔

جلد کیلئے

وٹامن سی اور ڈی جلد کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں، جب کہ کھجوریں وٹامن سی اور ڈی سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کھجوریں اینٹی ایجنگ خصوصیات سے بھی مالا مال ہوتی ہیں جو میلانن کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکتی ہیں۔

جوڑوں کے درد کیلئے

زیادہ تر افراد کو سردیوں میں جوڑوں کے درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ کچھ افراد سارا سال اس مسئلے کا شکار رہتے ہیں۔ جوڑوں کے درد سے چھٹکارا پانے کے لیے کھجوروں کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

ذہنی دباؤ کیلئے

کھجوروں میں وٹامن بی 6 کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو جسم میں ایسے کیمیکلز کی مقدار بڑھاتا ہے جو دماغ کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہر روز وٹامن بی 6 متوازن مقدار میں حاصل کرنے سے ڈپریشن کی علامات میں کمی آتی ہے اور ذہنی تناؤ بھی کم ہوتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ کیلئے

کھجوروں کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے ہاضمہ کے نظام میں بہتری آتی ہے اور معدے میں نقصان دہ بیکٹیریا کی مقدار کم ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے ان بیکٹیریا کے آنتوں میں داخل ہونے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ کھجور کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرتے ہیں ان کے معدے میں فائدہ مند بیکٹیریا کی تعداد بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے آنتوں کے کینسر کے خطرات کم ہوجاتے ہیں

مثانہ کی کمزوری کا علاج

ہوالشافی: مثانہ کی کمزوری کا مرض نوجوانوں اور عمر رسیدہ اشخاص میں عام ہوتا جارہا ہے، مثانہ کی کمزوری کے باعث پیشاب قطرہ قطرہ نکلتا رہتا ہے۔ جس سے نمازیوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ، مثانہ کی کمزوری کیلئے ایک نسخہ پیش خدمت ہے۔ کشتہ سکہ ایک تولہ ، کشتہ فولاد ایک تولہ ، کشتہ قشر بیضہ مرغ دو تولہ ، تینوں کو باہم ملالیں اور کسی اچھی سی شیشی میں محفوظ کرلیں، چھوٹے کیپسول میں بھرلیں اور صبح شام مکھن ایک چمچ کے ساتھ استعمال کریں ، علاج کی مدت ایک ماہ ہے ۔ انشاء اللہ چند یوم میں مثانہ کی کمزوری دور ہوجائے گی۔

تاکید: کشتہ جات ہمدرداور معتبر ادویہ ساز کمپنیوں کے ہی استعمال کریں ، اگر مثانہ کی کمزوری کو آرام نہ آئے تو اس کے ساتھ کوئی اعصابی طاقت کی دوا استعمال کریں۔ معالج سے مشورہ ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button