بین الاقوامی خبریں

ملٹری بیس پر حملے میں 70 یوکرینی فوجی ہلاک، روس کی عالمی تنہائی

لندن، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوکرین کے شمال مشرقی علاقے سومی کے گورنر نے کہا ہے کہ فوجی اڈے پر روس کی شیلنگ سے ستر سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گورنر نے اپنے فیس بک پوسٹ پر اعلان کیا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر حملوں میں کمی کا کوئی عندیہ نہیں دیا جبکہ دوسری جانب عالمی سطح پر اس کی سیاسی و اقتصادی تنہائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔امریکہ اور اتحادی ممالک نے روس کو معاشی طور پر سزا دینے کے لیے صدر پوتن سمیت اہم شخصیات اور کاروباری کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

خیال رہے کہ دوسری عالمی جنگ عظیم کے بعد سے یوکرین پر حملہ کسی بھی یورپی ریاست پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔امریکہ نے دو جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر اپنی فوج یوکرین بھجوانے سے انکار کیا ہے تاہم امریکہ اور دیگر اتحادی ممالک نے یوکرین کو عسکری امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ روسی خام تیل کی درآمد پر پابندی عائد کرے گا جبکہ امریکی ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو روسی توانائی کے شعبے پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔

روس کی سب سے زیادہ کمائی تیل کی برآمد سے ہوتی ہے۔لنڈسے گراہم نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے کو ہتھیار کے طور پر نہیں استعمال کر رہے۔ ہم پوتن کو نشانہ نہیں بنا رہے جہاں سے انہیں سب سے زیادہ تکلیف پہنچ سکتی ہے۔

منگل کو متعدد کمپنیوں کے روس میں اپنے دفاتر بند کرنے کا ارادہ ہے جس سے ملک کی معیت کو مزید نقصان پہنچے گا۔بڑے بینکوں، ایئر لائنز اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے شپمنٹ معطل کرنے کے علاوہ روس کے ساتھ شراکت داری ختم کرتے ہوئے اس کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

امریکہ نے روس کے مرکزی بینک اور آمدنی کے دیگر ذرائع پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں جس سے روسی روبل کی قدر میں مزید کمی آئی ہے جبکہ چند روسی بینکوں کو عالمی ترسیلات زر کا نیٹ ورک ’سویفٹ‘ کے استعمال سے روکا گیا ہے۔

علاوہ ازیں برطانوی تیل کی کمپنیوں بی پی اور شیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ روسی تیل کی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں سے اپنے شیئرز نکال رہے ہیں۔ روس ثقافتی اور اسپورٹس کی سطح پر بھی عالمی تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی نے اسپورٹس فیڈریشن اور دیگر منتظمین سے کہا ہے کہ وہ روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس اور عہدیداروں کو عالمی سطح پر ہونے والی ایونٹس سے علیحدہ کیا جائے۔ہالی وڈ کے دو بڑے اسٹوڈیوز ڈزنی اور وارنر بروس نے بھی کہا ہے کہ وہ آئندہ آنے والی فلموں کی ریلیز روس میں معطل کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button