لندن،یکم نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چین کے سنکیانگ خطے میں انسانی حقوق کی صورت حال پر پچاس ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایغوروں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کو نافذ کرنے کی بھی بیجنگ سے اپیل کی۔سنکیانگ خطے میں چین کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائمکی مذمت کرتے ہوئے 50 ملکوں نے پیر کے روز ایک بیان پر دستخط کیے اور اقوام متحدہ سے ایغوروں کے خلاف چین کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔
بیان، جس پر دستخط کرنے والوں میں بیشتر مغربی ممالک ہیں، میں کہا گیا ہے، ہمیں عوامی جمہوریہ چین میں انسانی حقوق کی صورت حال اور بالخصوص سنکیانگ میں ایغوروں اور دیگر مسلم اقلیتوں کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر انتہائی تشویش ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں اس موضوع پر مباحثہ کی سابقہ ناکام کوشش کے بعد چین کے خلاف یہ مذمتی بیان بڑی حد تک صرف علامتی نوعیت کی ہے۔اقوام متحدہ میں کینیڈا کے سفیر بوب رائے نے جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی میں مذکورہ بیان پڑھ کر سنایا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر)نے کافی انتظار کے بعد اگست میں سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی مخالف اپنی پالیسیوں کی آڑ میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ان ملکوں نے چین سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں درج سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی اور ان تمام افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا جنہیں ان کی آزادی سے جبراً محروم کر دیا گیا ہے۔
جن 50 ملکوں نے اس بیان پر دستخط کیے ہیں ان میں امریکہ، برطانیہ، جاپان، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، اسرائیل، ترکیہ، گواٹے مالا اور صومالیہ بھی شامل ہیں۔ 50 ملکوں نے چین سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں درج سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی ہے50 ملکوں نے چین سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں درج سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیجنگ سنکیانگ میں اقلیتوں کے انسانی حقوق کی کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔



