بین الاقوامی خبریں

ٹیکساس اسکول میں فائرنگ کے دوران پولیس کارروائی سے ہچکچاتی رہی، ویڈیو جاری

نیویارک ، 14جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر یووالڈ میں اسکول میں کی جانے والی فائرنگ کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس ایک گھنٹے سے زیادہ انتظار کے بعد کلاس روم میں داخل ہوئی، جہاں مسلح شخص نے 19 بچوں اور 2 اساتذہ کو ہلاک کردیا۔’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے پبلک سیفٹی چیف اسٹیو میک کرا نے 24 مئی کے حملے کے بارے میں پولیس کے ردعمل کو انتہائی ناقص اور مکمل ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسران نے کلاس روم کی چابی تلاش کرنے میں قیمتی وقت ضائع کیا ،جبکہ اس چابی کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

آسٹن امریکن اسٹیٹس مین اخبار اور مقامی ٹی وی اسٹیشن کے وی یو اے کی جانب سے حاصل کی گئی نگرانی کے لیے لگائے کیمرے کی ویڈیو میں نیم خودکار رائفل سے لیس 18 سالہ مسلح نوجوان کو صبح 11:33 بجے روب ایلیمنٹری اسکول کی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندوق بردار لڑکے نے کلاس روم میں فائرنگ کی اور کلاس روم میں داخل ہونے سے قبل دروازے سے درجنوں گولیاں چلائیں، ویڈیو کے مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کچھ وقت کے لیے کلاس روم سے باہر نکلتا ہے، پھر کلاس روم میں داخل ہوتا ہے اور دوبارہ نظر نہیں آتا۔

ویڈیو میں پہلی گولیاں چلنے کے 3 منٹ کے اندر مسلح پولیس اہلکار اسکول کے ہال میں آتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں، وہ ہال سے نیچے جاتے ہیں جہاں فائرنگ ہو رہی تھی ،لیکن جب مسلح شخص کلاس روم سے فائرنگ کرتا ہے تو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔اگلے ایک گھنٹے تک پولیس، ہال کے آخری حصے میں ہلچل کرتی نظر آتی ہے جبکہ اس دوران وہاں نیم خودکار ہتھیاروں اور بیلسٹک شیلڈز سے لیس افسران پر مشتمل مزید نفری پہنچتی ہے۔دوپہر 12 بجکر 21 منٹ پر جائے وقوع پر پہلے افسران کی آمد کے 45 منٹ بعد اس مقام سے گولیوں کی آوازیں سنائی دیں جہاں بندوق بردار چھپا ہوا تھا۔

جائے وقوع پر پہنچنے کے ایک گھنٹہ 14 منٹ بعد افسران بالآخر دوپہر 12:50 بجے کلاس روم میں داخل ہوئے اور بندوق بردار کو ہلاک کردیا۔ویڈیو میں کسی بچے کو گولی مارتے ہوئے نہیں دکھایا گیا اور آسٹن امریکن اسٹیٹس مین نے کہا کہ اس نے ویڈیو سے چیخوں کی آڈیو ہٹا دی ہے۔دوسری جانب اس فائرنگ کی ویڈیو کو عوامی سطح پر ریلیز کیے جانے پر کمیونٹی میں کچھ لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ٹیکساس کے پبلک سیفٹی چیف میک کرا نے جون میں ریاستی سینیٹ کی سماعت میں بتایا تھا کہ پولیس کے پاس اتنے اہلکار تھے کہ وہ اسکول میں داخل ہونے کے 3 منٹ بعد شوٹر کو روک سکتے تھے۔

میک کرا نے کہا تھا کہ موقع پر موجود کمانڈر نے افسران کی جانوں کو بچوں کی زندگیوں پر ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔کمانڈر اریڈونڈو نے دعویٰ کیا تھا کہ کلاس روم کا دروازہ بند تھا جس سے شوٹر کے خلاف ردعمل دینے میں تاخیر ہوئی لیکن میک کرا نے انکوائری میں بتایا کہ ایسا نہیں تھا، وہ ایک چابی کا انتظار کر رہا تھا جس کی ضرورت نہیں تھی۔میک کرا نے انکوائری میں بتایا کہ اریڈونڈو، جسے اس واقعے کے بعد سے معطل کر دیا گیا ہے، اس نے حملے کے وقت خوفناک فیصلے کئے۔انہوں نے کہا کہ واقعے پر ردعمل کولمبئین ہائی اسکول میں 1999 میں 13 افراد کی ہلاکت کے حادثے کے بعد سے سیکھے گئے سبق کے خلاف تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button