سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

حیرت انگیز فوائد,کھٹی میٹھی املی

ڈاکٹر امۃ البریرہ فہمیدہ سفیان دہلی

املی صدیوں سے انسانی خوراک اور روایتی علاج کا اہم حصہ رہی ہے۔ اسے کھانوں میں ذائقہ بڑھانے کے لیے بڑے شوق سے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس کی افادیت صرف ذائقے تک محدود نہیں۔ املی غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس میں وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن بی کمپلیکس، کیلشیم، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیم، میگنیز اور غذائی فائبر وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں، جو مجموعی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔

یہ درخت عموماً شمالی افریقہ اور ایشیا کے مختلف علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اس کے پتے بھی ہلکے کھٹے ذائقے کے حامل ہوتے ہیں، جبکہ اس کا پھل قدرتی طور پر تازگی اور فرحت فراہم کرتا ہے۔ املی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلیمیشن خصوصیات اسے ایک طاقتور قدرتی غذا بناتی ہیں جو جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

قدیم روایات میں بھی املی کو کئی بیماریوں کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، اور آج جدید تحقیق بھی اس کے کئی طبی فوائد کی تصدیق کرتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے کئی ایسے فائدے ہیں جن سے اب بھی بہت سے لوگ پوری طرح آگاہ نہیں۔

معدے کی صحت کیلئے مفید

املی ایک قدرتی طور پر ٹھنڈک بخش پھل ہے جو معدے پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ خاص طور پر مصالحہ دار کھانوں کے بعد ہونے والی تیزابیت اور جلن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق املی میں موجود وٹامنز اور منرلز نظامِ ہضم کو بہتر بناتے ہیں، جس سے معدہ اپنی کارکردگی بہتر طریقے سے انجام دیتا ہے۔ اس کے استعمال سے نہ صرف ہاضمہ بہتر ہوتا ہے بلکہ جسم میں سکون اور ہلکا پن بھی محسوس ہوتا ہے۔

دل کی صحت کیلئے بہترین

املی دل کی صحت کے لیے بھی مفید سمجھی جاتی ہے کیونکہ اس میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ املی میں موجود فائبر شریانوں میں جمع ہونے والے نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) کو کم کرتا ہے اور دل کے امراض کے خطرے کو گھٹاتا ہے۔
وٹامن سی کی موجودگی جسم میں فری ریڈیکلز کے اثرات کو کم کرتی ہے، جس سے دل زیادہ صحت مند رہتا ہے اور خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔

بلڈ پریشر کو متوازن رکھے

املی مختلف ضروری منرلز جیسے پوٹاشیم، آئرن، کیلشیم، زنک اور سیلینیم سے بھرپور ہوتی ہے، جو خون کے نظام کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آئرن خون کے سرخ خلیات بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ دیگر اجزاء خون کی مجموعی کیفیت کو بہتر بناتے ہیں۔ املی کی ٹھنڈی تاثیر بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

وزن کم کرنے میں مددگار

اگر وزن کم کرنا مقصود ہو تو املی ایک قدرتی اور مؤثر انتخاب ہے۔ یہ بھوک کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے اور جسم میں اضافی چربی جمع ہونے سے روکتی ہے۔
املی سے تیار کردہ مشروبات خاص طور پر وزن گھٹانے کے عمل کو تیز کرنے میں مدد دیتے ہیں اور مجموعی صحت پر بھی مثبت اثر ڈالتے ہیں۔

قوتِ مدافعت کو مضبوط بنائے

املی میں وٹامن سی اور دیگر طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کا باقاعدہ استعمال مدافعتی نظام کو فعال بناتا ہے، جس سے جسم مختلف بیماریوں کے خلاف بہتر طور پر مزاحمت کر سکتا ہے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ املی میں موجود ٹارٹارک ایسڈ ایک مؤثر اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے، جو جسم سے زہریلے اور فاسد مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔

گرمیوں کے موسم میں املی کا شربت نہ صرف ذائقے میں خوشگوار ہوتا ہے بلکہ جسم کو ٹھنڈک بھی فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مشروب نہ صرف پیاس بجھاتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی کئی طرح کے فوائد فراہم کرتا ہے۔

املی کا شربت بنانے کا طریقہ

پہلی ترکیب

اجزاء:
املی 125 گرام
خشک آلو بخارہ 125 گرام
گڑ آدھا کپ
کالا نمک آدھا چائے کا چمچ
برف حسبِ ضرورت
تخمِ ملنگا 2 کھانے کے چمچ (بھیگا ہوا)

ترکیب:
سب سے پہلے املی اور آلو بخارے کو الگ الگ پانی میں رات بھر بھگو دیں تاکہ وہ نرم ہو جائیں۔ صبح ان کے بیج نکال کر گودے کو اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔
اب اس آمیزے کو پانی اور مٹھاس کے ساتھ چند منٹ کے لیے پکائیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔

اس کے بعد بلینڈر میں برف، تیار شدہ املی کا آمیزہ اور نمک شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ اسے مزید ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

پیش کرنے سے پہلے اگر چاہیں تو بھیگا ہوا تخمِ ملنگا شامل کریں۔ اس طرح ایک نہایت مزیدار، ٹھنڈا اور فرحت بخش شربت تیار ہو جائے گا۔


دوسری ترکیب

اجزاء:
املی کا گودا 250 گرام
چینی ایک کلو
پانی ایک لیٹر
نمک ایک چائے کا چمچ
کالا نمک ایک چائے کا چمچ
بھنا ہوا زیرہ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:
املی کو پانی میں اچھی طرح پیس کر چھان لیں تاکہ صاف گودا حاصل ہو جائے۔ اس میں مزید پانی اور چینی شامل کر کے ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

جب چینی مکمل طور پر گھل جائے تو اس میں نمک، کالا نمک اور پسا ہوا زیرہ شامل کریں اور آمیزے کو تقریباً 30 منٹ تک پکنے دیں۔

بعد ازاں اسے ٹھنڈا کر کے کسی صاف شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں۔

استعمال کے وقت ایک گلاس میں دو سے تین چمچ تیار شربت ڈالیں، ٹھنڈا پانی اور برف شامل کریں اور اچھی طرح مکس کر کے پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button