نارنجی کے چھلکوں کے حیرت انگیز فوائد-حفصہ فاروق بنگلور
نارنجی کا چھلکا صرف فضلہ نہیں بلکہ صحت اور خوبصورتی کا خزانہ ہے
ماہرینِ غذائیت کے مطابق پھلوں کی طرح ان کے چھلکے بھی غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں، جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ خاص طور پر نارنجی کے چھلکے صحت اور خوبصورتی دونوں کے لیے بے حد فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔ جدید تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نارنجی کے چھلکوں میں موجود قدرتی مرکبات جسم کو متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نارنجی کے چھلکوں میں غذائی ریشہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، قبض سے بچانے اور آنتوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے۔ یہ چھلکے جسم میں موجود زہریلے مادوں کے اخراج کو بھی آسان بناتے ہیں، جس سے بڑی آنت کے کینسر جیسے امراض کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نارنجی کے چھلکوں میں کیلوریز، چکنائی اور چینی کی مقدار کم ہوتی ہے، جبکہ وٹامن اے، بی کمپلیکس، کیلشیم، سیلینیم اور زنک جیسے اہم اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں، جو جسم کی مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
وزن کم کرنے کے حوالے سے بھی نارنجی کے چھلکے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں۔ یہ میٹابولزم کو تیز کر کے جسم میں چربی کے جلنے کے عمل کو بڑھاتے ہیں، جس سے وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح جلد کی دیکھ بھال میں بھی یہ چھلکے قدرتی اسکرب اور بلیچ کا کام کرتے ہیں، جو جلد کو صاف، نرم اور چمکدار بناتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق نارنجی کے چھلکوں میں موجود فلیونوائیڈز جیسے ہیسپریڈین بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مرکبات دل کی بیماریوں کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں اور جسم میں سوزش کو گھٹاتے ہیں۔
نارنجی کے چھلکوں میں اینٹی الرجک خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، جو جسم میں ہسٹامائن کے اخراج کو کم کر کے الرجی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ یہ چھلکے سانس کی نالی کو صاف رکھنے، بدبو کو ختم کرنے اور منہ کی صفائی میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
جلد کے مسائل جیسے بلیک ہیڈز، ایکنی، سیاہ حلقے اور خشک جلد کے علاج میں بھی نارنجی کے چھلکے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں، جس سے جسم وائرس اور جراثیم کے خلاف بہتر طریقے سے لڑ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نارنجی کے چھلکوں کو روزمرہ خوراک یا گھریلو نسخوں میں شامل کیا جائے تو یہ نہ صرف صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔



