سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

بستر پر لیٹے مریضوں کے زخم: احتیاط، علامات اور علاج

بستر پر لیٹے مریضوں کی بروقت دیکھ بھال اور صفائی بیڈ سور جیسے خطرناک زخموں سے بچا سکتی ہے۔

بستر پر لیٹے مریض دوسروں کے سہارے زندگی گزارتے ہیں۔ ایک صحت مند انسان بھی زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ پر نہیں بیٹھ سکتا، ایسے میں اُن افراد کی تکلیف کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جو کئی دنوں یا مہینوں تک بستر یا وہیل چیئر تک محدود رہتے ہیں۔ ایسے مریضوں میں جسم کے بعض حصوں پر مسلسل دباؤ پڑنے کی وجہ سے زخم پیدا ہونے لگتے ہیں جنہیں عام طور پر بیڈ سور، پریشر السر یا پریشر انجری کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ زخم زیادہ تر اُن حصوں پر بنتے ہیں جہاں ہڈی جلد کے قریب ہوتی ہے، جیسے کمر، کولہے، ایڑیاں، کہنیاں اور کندھے۔ جب جسم کے کسی حصے پر مسلسل دباؤ پڑتا ہے تو وہاں خون کی روانی متاثر ہونے لگتی ہے۔ اگر یہ کیفیت دو سے تین گھنٹے تک برقرار رہے تو جلد اور اندرونی بافتیں متاثر ہو کر زخم کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔

بیڈ سور عموماً کمزور، بزرگ اور ذیابیطس یا خون کی بیماریوں میں مبتلا افراد میں زیادہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔ ناقص غذا، جسم میں پانی کی کمی، صفائی کا فقدان اور مریض کی پوزیشن بار بار تبدیل نہ کرنا اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔ ایسے مریض جو خود حرکت کرنے کے قابل نہ ہوں اُنہیں خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں جلد پر سرخی، جلن، خارش یا درد محسوس ہو سکتا ہے۔ بعد میں یہی حصہ جامنی یا سیاہ رنگ اختیار کر لیتا ہے۔ اگر بروقت توجہ نہ دی جائے تو جلد پھٹ سکتی ہے، چھالے بن سکتے ہیں اور زخم گہرے ہو کر پٹھوں اور ہڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ شدید صورت میں انفیکشن جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بستر پر لیٹے مریض کی پوزیشن ہر دو گھنٹے بعد تبدیل کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ جسم کے ایک ہی حصے پر مسلسل دباؤ نہ پڑے۔ مریض کے بستر کو ہمیشہ صاف، خشک اور جراثیم سے پاک رکھنا چاہیے۔ جلد کی روزانہ جانچ بھی ضروری ہے تاکہ زخم کی ابتدائی علامات فوری طور پر پہچانی جا سکیں۔

غذا بھی اس بیماری سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ متوازن غذا، پروٹین، وٹامنز اور مناسب مقدار میں پانی جسم کو مضبوط بناتے ہیں اور جلد کو صحت مند رکھتے ہیں۔ مریض کو وقتاً فوقتاً ہلکی ورزش کروانا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے تاکہ جسم میں خون کی روانی بہتر رہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مریض کو روزانہ نہلانا، جسم کو اچھی طرح خشک کرنا، صاف کپڑے پہنانا اور منہ کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ اگر جلد پر مسلسل سرخی، سوجن یا زخم بڑھنے لگے تو فوری طور پر جلد کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے تاکہ بروقت علاج شروع کیا جا سکے۔

بیڈ سور صرف ایک زخم نہیں بلکہ مریض کی مجموعی دیکھ بھال کا امتحان بھی ہے۔ مناسب احتیاط، صفائی اور توجہ کے ذریعے ان خطرناک زخموں سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button