
ہلدی صدیوں سے ایشیاء میں مصالحہ کے طور پہ استعمال کیا جاتا ہے ، حالیہ کئی عشروں میں مغرب میں بھی اس کی مقبولیت بڑھی ہے ، نہ صرف یہ سالن میں ڈالا جاتا ہے بلکہ اس سے صحت کے کئی فوائد حاصل کئے جاتے ہیں ۔ یہ آیوروید میں بھی بیحد اہمیت کا حامل ہے ۔ہلدی ایک پودے کی جڑ ہے ۔ ہلدی چین اور ہندوستان ، بنگلہ دیش، پاکستان میں کھانا پکانے ، رنگنے ، کاسمیٹکس اور روایتی ادویات میں قدیم دور سے استعمال کی جاتی ہے ۔
قدرتی جڑی بوٹی کی جڑوں سے حاصل کیا جانےوالا خوبصورت رنگ کا قدرتی مسالہ ہلدی ایک طاقتور اینٹی سیپٹک اور اینٹی انفلامینٹری جز ہے جس کے استعمال سے انسانی صحت اور خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ عمر رسیدہ افراد میں ہلدی کا باقاعدہ استعمال ان کی ہڈیوں کومضبوط رکھتا ہے اور ان کی اندرونی کثافت کو بڑھاتا ہے۔
تجربے میں ماہرین نے درمیانی اور بڑھاپے والی عمر کے سینکڑوں افراد کو چھ ماہ تک ہلدی کے سپلیمنٹ دیئے جس سے ان کی ہڈیوں کی کثافت میں 7 فیصد تک اضافہ نوٹ کیا گیا۔انگلش ادویات زیادہ تر اینٹی سیپٹک، اینٹی انفلامینٹری، اینٹی آکسیڈنٹ Antioxidants اور اور اینٹی الرجک ہوتی ہیں جنہیں موسمی انفیکشن سے پیش آنے والے مسائل سے لڑنے کے لیے مریضوں کو تجویز کیا جاتا ہے، موسمی وائرسز اور انفیکشن پیدا کرنے والے بیکٹیریاز زیادہ تر کمزور قوت مدافعت والے افراد کو ہی نشانہ بناتے ہیں۔
قدرتی جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والے ماہرین اور غذائی ماہرین کی جانب سے قوت مدافعت بڑھانے اور انسان کو نقصان پہنچانے والے بیکٹیریاز سے بچاؤ کے لیے ہلدی کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر تجویز کیا جاتا ہے۔ ہلدی ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کو دور کرنے میں بہت اہم ثابت ہوئی ہے۔
ہلدی میں موجود سرکیومِن خون کی نالیوں کے اندرونی حصوں کو لچکدار اور تندرست رکھتا ہے۔ اس طرح دل کی شریانیں تنگ نہیں ہوتیں۔ ہلدی کا باقاعدہ استعمال ہارٹ اٹیک اور فالج کو دور رکھتا ہے۔حال ہی میں چوتھے درجے کی کینسر میں مبتلا ایک خاتون نے اپنے کینسر کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایک سال تک ہلدی کا جزو سرکیومن کیپسول کی صورت میں کھایا جس سے اس کا کینسر غائب ہوگیا ۔ اس اہم واقعے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اب اس خاتون کا معائنہ کررہی ہے۔
ہلدی ایک اینٹی کولیسٹرول مسالہ ہے جو کہ انسانی مجموعی صحت اور دل کے لیے مفید مانا جاتا ہے، ہلدی میں موجود کُرکُمِن نامی مرکب انتہائی طاقتور ہوتا ہے جو انسانی قوت مدافعت کا نظام مضبوط بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہلدی میں متعدد بیماریوں کا علاج موجود ہے جس میں جوڑوں کا درد، ہائی بلڈ پریشر کا متوازن رہنا، کینسر کے خلیات کی افزائش کی روک تھام میں مدد کرنا، سوزش سے نجات، ذہنی دباؤمیں آرام اور متاثرہ پٹھوں کی بحالی شامل ہے، اسے کئی طرح سے استعمال میں لایا جا سکتا ہے کہ جیسے کہ پکوان، سلاد، دودھ اور چٹنیوں وغیرہ۔
ہلدی کے استعمال سے حاصل ہونے والے چند فوائد اور طریقہ کار مندرجہ ذیل ہے :
بلڈشوگر کنٹرول کرے
تحقیق کے مطابق ہلدی کا استعمال بلڈ گلوکوز یا بلڈ شوگر لیول کم اور کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، خصوصاً ایسے افراد میں جو ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار ہوں، اسی طرح یہ مسالہ ذیابیطس کا شکار ہونے سے بھی بچاتا ہے مگر اس حوالے سے سائنسدانوں نے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جوڑوں کی تکلیف میں کمی
ہلدی میں موجود پولی فینول ایسا اینٹی آکسیڈنٹ جز ہے جو کہ اینٹی انفلامینٹری خصوصیات رکھتا ہے، ہلدی جوڑوں کے درد، اکڑن اور سوجن میں کمی لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جوڑوں کے امراض کے شکار افراد ڈاکٹر کے مشورے سے ہلدی پاؤڈر کے کیپسول بھی استعمال کر کے جوڑوں کے درد میں ریلیف حاصل کرسکتے ہیں۔
ہلدی سے بنی مفید چائے
ایک کپ پانی کو ابالیں اور پھر اس میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی شامل کر لیں، اب اسے دس منٹ تک مزید پکائیں اور پینے سے قبل چھان لیں، اس میں حسب منشا شہد، مصری یا لیموں بھی شامل کر سکتے ہیں-
چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ہلدی کا استعمال
چہرے کی خوبصورتی بڑھانے اور مختلف شکایات سے بچنے کے لیے اکثر خواتین میں غیر متوازن ہارمونز کے سبب چہرے کے بال بڑھنے لگتے ہیں ہلدی چہرے کے غیر ضروری بالوں کی نشوونما کی روک تھام میں مدد فراہم کرتی ہے.
ایک چوتھائی چمچ ہلدی کو ایک چمچ بیسن میں مکس کریں اور پانی کی مدد سے پیسٹ بنالیں، اب اسے چہرے پر پندرہ منٹ لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں، یہ عمل 3 ماہ تک روزانہ بلا ناغہ دہرائیں، بالوں کی افزائش میں کمی واقع ہوگی۔
ہلدی کا استعمال کیل مہاسوں کی روک تھام ہی نہیں کرتا بلکہ اسے اکثر چہرے پر لگانے سے کیل مہاسوں کے نشانات اور سوجن بھی ختم ہو جاتی ہے۔ہلدی کا چہرے پر استعمال جلد کے مردہ خلیات کی صفائی کے لیے بہترین ہے اور یہ جلد کو چمک دینے میں مدد دیتی ہے۔
ہلدی کو دودھ یا دہی میں ملائیں اور اچھی طرح مکس کرکے چہرے، گردن، بازوؤں پر لگائیں۔اس ماسک کو خشک ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔بعد ازاں نیم گرم پانی سے دھولیں، دھوتے ہوئے گول دائروں میں مساج بھی کریں، چہرہ کھِل اٹھے گا اور جِلد کی متعدد شکایات سے نجات حاصل ہوگی۔
م/ن۔م/ن۔ز



