صحت اور سائنس کی دنیا

قلاع ال فم یعنی امراض دہن، منہ آنا وغیرہ✍️حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم حبان قاسمی

حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم حبان قاسمی صاحبزادہ ماہر نباض مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی ایم ڈی رحیمی شفا خانہ بنگلور

اس مرض میں منہ کے اندر جھلی متورم ہوجاتی ہے یعنی سوجھ جاتی ہے۔ منہ کے اندر چھوٹے چھوٹے دانے یا چھالے نکل آتے ہیں جس کی وجہ سے کھانے پینے اور بات چیت کرنے میں تکلیف ہوتی ہے۔کسی تیز یا کھاری چیز کے کھانے سے منہ میں خراش کا ہونا، کثرت تمباکو اور سگریٹ نوشی، زیادہ مصالحہ دار یازیادہ گرم غذا کھانا کبھی خون کی خرابی اور خون یابلغم سودا کے بڑھ جانے سے بھی یہ شکایت ہوجاتی ہے۔ کبھی سوزاک یا آتشک کی بیماری میں پارہ کے مرکبات کے استعمال سے بھی یہ شکایت ہوجاتی ہے۔اردودنیا قارئین کے لیے ماہر حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم حبان قاسمی کا معلوماتی مضمون پیش خدمت ہے۔

علامات: منہ کی اندرونی جھلی یعنی مسوڑھوں لبوں اور رخساروں کی لعاب دار جھلی متورم اور سرخ ہوجاتی ہے۔ زبان بھی کس قدر سوجھ جاتی ہے۔ منہ سے تھوک آتا ہے یارال بہتی ہے۔ چبانا اور نگلنا دشوار ہوجاتا ہے۔ تنفس سے بدبو آتی ہے آخر کار منہ میں چھوٹے چھوٹے آبلے ہوکر زخم ہوجاتے ہیں۔

تدابیر: اصل سبب رفع کریں اگر شکایت تمباکو نوشی یا سگریٹ وسگار پینے اور گرم مصالحہ دار اغذیہ وغیرہ کے کثرت استعمال سے ہو تو ان کا استعمال ترک کردیں اگر قبض ہو تو ہفتہ میں دوبار معجون ملین 5 گرام یاقرص ملین دو عدد سوتے وقت شیر گاؤ ایک پاؤ کے ہمراہ کھلائیں اگر کسی بوسیدہ دانت کی وجہ سے ہو تو دانت نکلوادیں اگر بدہضمی ہو تو اس کا مناسب علاج کریں اگر خون کی زیادتی سے ہو جس کی پہچان یہ کہ منہ میں گرمی اور سرخی ہو اور منہ کا غشا ابھرا ہوا نظر آئے یہ نسخہ پلائیں۔

ہوالشافی: اطریفل شاہترہ 5 گرام کھلاکر اوپر سے شربت عناب 40 گرام، عرق منڈی 20 گرام، عرق شاہترہ 20 گرام ملاکر پلائیں۔

ہوالشافی: برگ حنا سبز 2 گرام پانی میں جوش دے کر اس میں کافور ایک چٹکی حل کرکے کلیاں کرائیں، سہاگہ بریاں چار حصہ شہد خالص میں ملاکر روئی کی پھریری سے منہ میں لگائیں، خون اور صفراء کے غلبہ میں یہ ذرور اور بھی بہت مفید ہے۔

ہوالشافی: کتھہ ایک گرام، طباشیر 2 گرام، سہاگہ بریان 10 گرام، مکھن 40 گرام میں ملاکر منہ میں لگائیں۔

پرہیز: تمباکو وسگریٹ ترک کردیں، گرم مصالحہ، گرم چیزوں گڑ، تیل اور ترشی زیادہ نمک مچھلی، گوشت وغیرہ اور بیگن، میتھی کا ساگ اور مسور کی دال وغیرہ سے پرہیز کریں۔

غذا: ساگودانہ کی کھیر، خشکہ، کھچڑی، ٹھنڈی ترکاریاں، کدو، ٹینڈے وغیرہ بغیر مرچ کے پکاکر کھلائیں۔

سیلان اللعاب یعنی رال بہنا

معدہ اور آنتوں میں خراب رطوبات کا جمع ہوجانا یاپیٹ میں کیچوے پیدا ہوجانا یاہضم کا خراب ہوجانا یامعدہ میں حرارت کا بڑھ جانا وغیرہ مرکبات سے بھی یہ شکایت ہوجاتی ہے۔معدہ میں رطوبت فاسدہ کے جمع ہوجانے کے سبب ہو تو کھانے کے بعد رال زیادہ بہے گی۔ ہضم کی خرابی کی وجہ سے ہو تو مریض کو کھٹی ڈکاریں بھی آئیں گی۔ شکم میں ریاح کا غلبہ ہوگا اور گڑگڑاہٹ معلوم ہوگی اگر کیچوے یاکدو دانے کی وجہ سے ہو تو سوتے وقت منہ سے رطوبت نکلے گی اگر حرارت معدہ کی وجہ سے ہو تو خالی پیٹ اور بھوک کے وقت رطوبت بہے گی اور پیاس زیادہ لگے گی۔ اگر پارہ کے مرکبات کے استعمال کی وجہ سے ہو تو منہ زبان اور مسوڑھوں میں تکلیف ہوگی۔

علاج: اگر ہضم کی خرابی کی وجہ ہو تو سفوف سرخ ایک چاول کے بقدر، جوارش کمونی 5 گرام، میں ملاکر اول کھلائیں۔ اگر حرارت معدہ کی وجہ سے ہو تو زرشک 2 گرام، آلو بخارا پانچ، بادیان 3 گرام، عرق بادیان 120 گرام میں پیس کر چھان کر سکنجبین سادہ 20 گرام ملاکر پلائیں بعد ازغذا دونوں وقت جوارش عود ترش 6 گرام کھلائیں۔

قوت ذائقہ کا زائل ہوجانا

اس بیماری میں زبان کی حس جاتی رہتی ہے اور مریض کو کسی چیز کا مزہ معلوم نہیں ہوتا۔
کسی تیز مخدر اور سن کردینے الی چیز مثلاً افیون کوکین وغیرہ بکثرت استعمال کرنے سے بعض دفعہ نزلہ کی وجہ سے اور کبھی معدہ اور ہضم کی خرابی کی وجہ سے بھی یہ شکایت ہوجاتی ہے۔

نزلہ کی وجہ سے ہو تو نزلہ موجود ہوگا یاپہلے ہوچکا ہوگا اگر معدہ کی خرابی کی وجہ سے ہو تو بھوک کا نہ لگنا، قبض ہونا، کھٹی ڈکاروں کا آنا، پیٹ میں میٹھا میٹھا درد ہونا وغیرہ اس کی علامتیں ہوتی ہیں۔

ہوالشافی: تو گل بنفشہ 5 گرام، عناب پانچ دانہ، گاؤزبان 3گرام، اصل السوس مقشر 3 گرام، تخم خطمی 5 گرام، تخم خبازی 5 گرام رات کو گرم پانی میں سب کو بھگودیں صبح کو مل چھان کر خمیرہ بنفشہ 40 گرام ملاکر روز پلائیں۔

نمک لاہوری اجوائن دیسی ہم وزن باریک پیس کر سرکہ خالص میں ملاکر دوا آدھ گھنٹہ تک منہ میں رکھیں اور گل سرخ 1 گرام، سماق ایک گرام، سگنجبین 200 گرام میں پانی جوش دیکر اس سے کلیاں کرائیں۔

اصلاح ہضم کے لئے سفوف سرخ ایک چاول کے بقدر، جوارش جالینوس 5 گرام میں ملاکر بعد از غذا دونوں وقت کھلائیں۔

غذا: مونگ کی دال ارہر کی دال پودینہ اور دھنیا کی چٹنی بھی مفید ہے۔

ہمارا پتہ رحیمی شفاخانہ ,248چھٹا کراس گنگونڈنا ہلی مین روڈ

نزد چندرا لے آؤٹ میسوروڈ بنگلور39

فون نمبر: 09845006440

متعلقہ خبریں

Back to top button