لاجواب گھریلو دوا,سوکھے دھنیے کے دس فوائد ✍️ ڈاکٹر قرۃ العین فاطمہ عثمان دہلی
سوکھا دھنیا صرف ایک مصالحہ نہیں ہے جو کھانوں کو مزیدار بناتا ہے کیونکہ قدرت نے اس کے اندر بیشمار ادویاتی خوبیاں رکھی ہیں جو ہماری صحت کو بیشمار طریقوں سے فائدہ دیتی ہیں اور طبیب حضرات صدیوں سے کئی بیماریوں میں اس کو بطور دوا استعمال کروا رہے ہیں۔اس آرٹیکل میں ہم سوکھے دھنیے کے ان فوائد کو جانیں گے جنہیں جدید میڈیکل سائنس اپنی تحقیقات میں تسلیم کر چکی ہے اور اس زبردست مصالحے کے بیشمار طبی خوائص کی وجہ سے اس پر اپنی مسلسل ریسرچ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
خون میں شوگر لیول کم کرتا ہے
خون میں بڑھا ہوا شوگر کا لیول ذیابیطس جیسے مرض کو جنم دیتا ہے اور سوکھے دھنیے اور اس کے تیل میں ایسی ادویاتی خوبیاں ہیں جو خون میں شوگر کے بڑھے ہوئے لیول کو حیران کن طور پر کم کرتی ہیں اور وہ حضرات جو ذیابیطس کے مریض ہیں اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کے لئے ادویات کا استعمال کر رہے ہیں اْنہیں سوکھے دھنیے کو اپنی خوراک میں لازمی شامل کرنا چاہیے۔
سائنس کی ایک تحقیق کے مطابق سوکھے دھنیے میں ایسے کیمیا پائے جاتے ہیں جو جسم میں انزائم کی کارکردگی کو بڑھاتے ہیں اور یہ انزائم خون سے شوگر کا خاتمہ کرتے ہیں، ایک اور تحقیق کے مطابق اگر جسم کے فی کلو وزن کے حساب سے 20 ملی گرام سوکھا دھنیا استعمال کیا جائے تو یہ خون میں 6 گھنٹے کے اندر 4 ایم ایم او ایل ، ایل شوگر نیچے لانے کا باعث بن سکتے ہیں اور یہ شوگر کم کرنے والی ادویات کی طرح کام کرتا ہے۔
قوت مدافعت کو پہلوان بنا دیتا ہے
جدید سائنس اب اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ سوکھا دھنیے میں اینٹی آکسائیڈینٹ، اینٹی انفلامیٹری، اینٹی کینسر اور نیوروپروٹیکٹیو خوبیاں شامل ہیں جو ہماری قوت مدافعت کو بیماریوں کے خلاف انتہائی طاقتور بناتی ہیں۔
دل کی صحت کا ضامن ہے
سوکھا دھنیا پیشاب آور ہے اور یہ جسم سے فاضل مادوں کے ساتھ پانی اور سوڈیم کی بڑھی ہوئی مقدار کو خارج کرتا ہے جس سے بلڈ پریشر نارمل رہتا ہے اور ساتھ ہی یہ خون صاف کرکے بڑھے ہوئے برے کولیسٹرال کوبھی کم کرتا ہے اور اچھے کولیسٹرال کا اضافہ کرتا ہے اور اگر ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرال کنٹرول رہے تو دل پر بوجھ نہیں پڑتا اور دل اپنے افعال بہتر طور پر سرانجام دیتا رہتا ہے۔
دماغ کو تقویت دیتا ہے
دماغ کی بہت سی بیماریاں جیسے بھولنے کی بیماری، رعشہ اور اسکلیروسیس وغیرہ دماغی سوزش کے باعث پیدا ہوتی ہیں اور سوکھے دھنیے میں شامل اینٹی اینفلامیٹری خوبیاں ان بیماریوں کو پیدا ہونے سے روکتی ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق سوکھا دھنیا اعصاب کو مضبوط بناتا ہے اور انہیں خراب ہونے سے بچانے کا باعث بنتا ہے اور ذہنی تناؤ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ طبیب حضرات سوکھے دھنیے کا تیل صدیوں سے ہاضمے کے افعال بہتر بنانے کے لئے بطور دوا استعمال کر رہے ہیں اور سائنس کی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق اس تیل کے 10 سے 20 قطرے روزانہ 3 دفعہ استعمال کرنے سے IBS کی بیماری میں انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں اور پیٹ کی درد، پیٹ کا پھولنا اور سختی محسوس کرنے میں آرام دیتے ہیں۔
اینٹی انفیکشن ہے
سوکھے دھنیے میں اینٹی مائیکروبل کمپاونڈ بھی پائے جاتے ہیں جو جراثیم کش ہوتے ہیں اور جسم کو انفیکشن سے بچانے کا باعث بنتے ہیں خاص طور پر فوڈ پوائزن پیدا کرنے والے جراثیموں کو سر نہیں اْٹھانے دیتے۔
جلد کی حفاظت کرتا ہے
جلد کے لئے سوکھا دھنیا کئی طرح مفید ہے اور اس کی اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیاں ہماری جلد کو سورج کی خطرناک شعاؤں سے بچاتی ہیں اور عمر کے بڑھنے کے ساتھ جلد پر پڑنے والے اثرات کے عمل کو سْست بنانے کا سبب بنتی ہیں۔
منہ کے السر کو ختم کرتا ہے
اس دھنیے کے تیل میں ایک خاص قسم کا کمپاونڈ پایا جاتا ہے یہ کمپاونڈ اینٹی سیپٹیک خوبیوں کا حامل ہے جو منہ کے السر کیلئے انتہائی مفید ہے اور ساتھ ہی اس میں شامل اینٹی مائیکروبل خوبیاں زخموں کو جلد بھرنے میں انتہائی مفید ہے۔کھانے کے بعد سوکھا دھنیا چبانے سے منہ میں بدبو پیدا کرنے والے جراثیموں کا خاتمہ ہوجاتا ہے اور منہ خوشگوار بو سے مہک اٹھتا ہے۔
بال گھنے کرتا ہے
سوکھا دھنیا ذہنی تناؤ میں کمی لاتا ہے اور ذہنی تناؤ بال گرنے اور کمزور ہونے کی بڑی وجہ ہیں اور ساتھ ہی یہ بالوں کی پرورش کر کے انہیں گھنا اور مضبوط بناتا ہے۔
غذایت سے بھرپورہے
سوکھا دھنیا وٹامن اے، سی، کے، آئرن ، کاپر، میگنیشیم اور کیلشیم جیسے اہم وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں اور اس میں شامل وٹامن اے آنکھوں کے رتینا کے لئے انتہائی مفید چیز ہے جو آنکھوں کی نمی برقرار رکھتا ہے اور نظر کوخراب ہونے بچاتا ہے، وٹامن سی ایمیون سسٹم کو مضبوط بناتا ہے، وٹامن کے اور کیلشیم ہڈیوں کے لئے انتہائی مفید ہے اور آئرن خون کی کمی کو پورا کرتا ہے۔



