دلفریب و خوش رنگ پھل لوکاٹ✍️پیش کش: رافعہ عفیفہ عروہ بنگلور
لوکاٹ لبلبہ کو تقویت فراہم کرتا ہے اس کے علاوہ انسانی جسم میں acid Tormentic پیدا کرنے کی صلاحت رکھتا ہے
لوکاٹ ایک ترش اور شیریں ذائقے کا حامل پھل ہے۔ لوکاٹ بھارت ، پاکستان، چین ، جاپان اور بحیرہ روم کے ساحلی ممالک میں پیدا ہونے والا پھل ہے جبکہ اس کا اصل وطن جنوبی چین ہے۔ شمالی ہند کے متعدد علاقوں میں لوکاٹ کے باغات پائے جاتے ہیں لوکاٹ صرف لذیز ہی نہیں بلکہ متعدد طبی فوائد کا حامل پھل بھی ہے جبکہ اس کے پتے بھی کئی امراض کیلئے باعث شفا ہیں۔ لوکاٹ میں وٹامن اے’بی ‘ وٹامن سی، فولیٹ، میگنیشیم، سیلینیم، سوڈیم، زنک، کاپر، اومیگا تھری اور اومیگا فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں۔
لوکاٹ کے پتوں سے حاصل کردہ فوائد
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں لوکاٹ کے پتوں سے بھی بے پناہ فوائد اٹھائے جاتے ہیں کیونکہ ان میں فولاد، کاپر، کیلشیم، میگنیشیم اور دیگر معدنیات کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے۔ لوکاٹ کے پتوں سے تیار کردہ ہربل چائے متلی، قے، ڈائریا، ڈیپریشن اور مختلف قسم کے امراض کے خاتمے کے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔ امراض تنفس خصوصاً پھیپھڑوں کے بعض جدید امراض میں لوکاٹ لیف انتہائی مفید واقع ہوئے ہیں۔جلد اور دیگر اقسام کے کینسر سے بچاؤ کیلئے بھی لوکاٹ کے پتے ایک محافظ کا کام کرتے ہیں۔لوکاٹ کے پتے انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو طاقتور بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لوکاٹ لبلبہ کو تقویت فراہم کرتا ہے اس کے علاوہ انسانی جسم میں acid Tormentic پیدا کرنے کی صلاحت رکھتا ہے جس کی وجہ سے انسولین کی پروڈکشن کر کے ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کا باعث بنتا ہے۔اس حوالے سے لوکاٹ کے پتے 7 عدد ایک کپ پانی میں جوش دے کر چائے بنائیں اس ہربل ٹی کے ساتھ گٹھلی جامن کا 5 گرام سفوف صبح منہ نہار پھانک لیں چند دنوں میں شوگر کنٹرول ہو جائے گی۔ نشاستہ دار غذا، آلو، چاول، چینی وغیرہ سے پرہیز ضروری ہے۔لوکاٹ کے پتے جلد کی سوزش اور ورم کے لئے بھی انتہائی فائدہ مند ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد اقسام کے وائرل انفیکشنز سے محفوظ رکھنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ لوکاٹ کا شربت بھی صحت کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ لوکاٹ کا شربت پینے سے دماغ اور دل کو بے حد تقویت ملتی ہے۔ یہ شربت خون کے جوش کو کم کرتا ہے موسم گرما کی بیشتر امراض میں فائدہ مند ہے۔ کھٹی ڈکاریں اور منہ میں پانی آنے کو روکتا ہے متلی قے وغیرہ میں فوری اثر کرتا ہے۔
احتیاطی تدابیر: لوکاٹ کی چند اقسام اور خام حالت میں لوکاٹ ترش ہوتا ہے جس کے باعث گلے میں خراش اور کھانسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لئے اجتناب ضروری ہے۔
قیمتی طبی فوائد
100 گرام لوکاٹ میں صرف 37 کیلوریز پائی جاتی ہیں جس وجہ سے یہ وزن کم کرنے والے افراد کیلئے ایک خوش ذائقہ تحفے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ لوکاٹ فائبر سے بھی بھرپور ہے۔ شدت کے ساتھ پیاس محسوس ہونے پرمتلی یا قے میں لوکاٹ یا اس کے شربت کے استعمال سے یقینی فائدہ پہنچتا ہے۔لوکاٹ میں موجود وٹامن اے بصری قوت اور دانتوں کی صحت کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ذیابیطس کے مریض بھی اس کا استعمال بغیر کسی خوف اور ڈر کے کرسکتے ہیں کیونکہ اس میں موجود مٹھاس نقصان دہ نہیں ہوتی۔ امراض قلب کے مریض اس کا استعمال کریں تو ان کے دل کو فرحت اور سکون حاصل ہوتا ہے۔ نظام انہضام کیلئے بھی یہ ایک انتہائی مفید پھل ہے اور اس کے استعمال سے غذا جلد ہضم ہوجاتی ہے۔مصفی خون ہونے کی وجہ سے گرمی دانوں کے لئے بھی موثر ہے اور بواسیر کے مریضوں کیلئے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔



