پیٹ کے کیڑوں کو ختم کرنے کا علاج
آئیے جانتے ہیں اس سے چھٹکارہ کیسے حاصل کیا جائے؟
پیٹ میں کیڑے ہوجانا ایک عام مسئلہ ہے جو زیادہ تر بچوں کو درپیش ہوتا ہے، اس سے ان کی نشونما بری طرح متاثر ہوتی ہے اور اہم غذائی اجزاء ان کے جسم تک نہیں پہنچ پاتی جس کی وجہ سے نہ تو ان کا جسم بڑھتا ہے اور نہ قد۔ یہ مسئلہ ہر عمر کے انسان کے ساتھ ہوسکتا ہے تو آئیے جانتے ہیں اس سے چھٹکارہ کیسے حاصل کیا جائے؟
ہلدی
اپنے جسم میں موجود پیراسائٹس کو دور کرنے کے لیے ایک گلاس چھاچھ میں ایک چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر ڈالیں اور اسے روزانہ پئیں۔
پپیتا
ایک کھانے کا چمچ کچے پپیتے کے رس میں 3 کھانے کے چمچ گرم پانی اور شہد کا ایک چمچ مکس کریں اور اسے روزانہ خالی پیٹ نہار منہ پئیں۔ اسکے علاوہ پپیتے کے بیجوں کو باریک پاؤڈر میں پیس کر ایک گلاس گرم پانی یا دودھ کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔
ناریل
آنتوں کے کیڑوں کے علاج کے لیے آپ ناریل کا تیل کھانے میں استعمال کریں یا ناشتے میں تھوڑا ڈال کر کھائیں، اسکے علاوہ ناریل کا پانی بھی پی سکتے ہیں۔ آنتوں کے ہر قسم کے کیڑوں سے نجات کے لیے اسے ایک ہفتے تک پئیں۔
لونگ اور اجوائن
اجوائن کے خشک بیجوں کو چبانے سے آنتوں کے کیڑوں کو باہر نکالنے میں مدد ملتی ہے۔ ایک برتن میں دو سے تین لونگ ایک کپ پانی میں ابالیں، اسے 5 منٹ تک پکائیں اور 1 ہفتے تک اس محلول کو دن میں 3 سے 4 بار پئیں، پیٹ کے کیڑے ختم ہوجائیں گے۔



