بادام: دماغ، دل اور جلد کیلئے قدرتی نعمت
ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی
بادام کو دنیا بھر میں ایک بہترین اور غذائیت سے بھرپور میوہ تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بادام نہ صرف دماغی صلاحیت بڑھانے میں مددگار ہے بلکہ دل، جگر، جلد اور اعصاب کیلئے بھی انتہائی مفید مانا جاتا ہے۔ قدیم طب اور جدید تحقیق دونوں میں بادام کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
بادام کی دو اقسام ہیں، پہلی بادام شیریں اور دوسری بادام تلخ، اس کے علاوہ اور بھی چند میوے ہیں ، جن کو بادام کے نام سے پکاراجاتا ہے۔ مثلاً بادام بربری، بادام صحرائی، بادام بنگالی، بادام مدراس، بادام لیلوفی وغیرہ، پہلی قسم بادام شیریں جسے میٹھا بادام کہتے ہیں، اس درخت کی اونچائی معمولی ہوتی ہے، درخت کی چھال سرخی اور تیرگی مائل ہوتی ہے کچے پتے ہلکے سبز رنگ کے ہوتے ہیں اور پودے بڑھ جانے پر ہلکے سفید رنگ کے ہوجاتے ہیں، کنارے دندانہ دار اور پھول سفید ہوتے ہیں، اور ان پر سرخ چینٹیں ۔ پتلے چھلکے والے بادام کو بادام کا غذی کہتے ہیں، کاغذی بادام کا مغز بہت میٹھا ہوتا ہے۔
ماڈرن ریسرچ
شیریں بادام میں (۱) روغن گاڑھا ۵۰ فیصدی (۲) شکر و گوند ۵ سے ۱۰ فیصدی (۳) پروٹین ۲۴ فیصدی (۴) معدنی نمکیات ۵ فیصدی۔
مزاج
گرمی و سردی میںمعتدل ہے،اس میں تھوڑی سی تری ہوتی ہے، بعض نے پہلے درجہ میں گرم و تر بیان کیا ہے، اسکے پھول سرد و خشک ہوتے ہیں۔
فوائد
دماغ و بصارت کی تقویت کے لئے اس کا استعمال بہت مفید ہے،دانتوں کے مرض میں اس کے سخت چھلکے کو جلا کر بطور منجن استعمال کرتے ہیں دل کی کمزوری کے لئے موسم گرما میں اس کا شربت بناکر پیتے ہیں قبض کے لئے روغن بادام کا استعمال نرم مزاجوں کے لئے از حد مفید ہے۔ شادی سے پہلے وشادی کے بعد کی کمزوری کیلئے اس کا مغز فائدہ مند ہے، ابٹنوں میں مغز بادام کا استعمال چہرہ نکھارنے کیلئے کیا جاتا ہے۔
مقدارخوراک
مقدار مغز بادام شیریں سات عدد سے گیارہ عدد تک ہے۔ مغز بادام ذرا دیر ہضم ہے، لیکن اگر اسے کاجو کی طرح نمک لگا کرکھایا جائے ، تو فوراً ہضم ہوجاتا ہے ۔میٹھے بادام کے مرکبات مندرجہ ذیل پیش کئے جاتے ہیں۔
ابٹن بادام
بادام کی کھل ۲۵۰ گرام، مجیٹھ، ہلدی ، چھڑیلہ، بال چھڑ ہر ایک ۱۵ گرام ، باریک پیس کر اچھی طرح ملائیں اور ایک جان کر کے رکھ لیں اس میں سے تھوڑا سا ابٹن لے کر پانی میں گوندھ کر بدن اور چہرہ پر ملیں، اس سے جلد کا کھردرا پن اور سختی دور ہوجاتی ہے۔
حریرہ بادام
مغز بادام، ۲۰ عدد، خشخاش ۱۰گرام، نشاستہ گندم ۲۵ گرام، سب کو پانی میں پیس کر کپڑے میں چھان لیں، اور قدرے گھی ملا کر آگ پر پکائیں جب گاڑھا ہوجائے تو اتار کر بقدر ضرورت شیرینی ملا کر پی لیں، کمزوری دماغ کیلئے بہت مجرب ہے، کھانسی نزلہ، زکام کے لئے بہت مفیدہے۔
سفوف بادام
مغز بادام چھلے ہوئے سات عدد، مغز سونف پانچ گرام، مصری پچاس گرام، سفوف بنائیں ، کمزوری دماغ و کمزوری نظر کیلئے مفید ہے رات کو سوتے وقت یہ ایک خوراک دودھ نیم گرم سے لیں، بعد میں پانی نہ پئیں۔
دیگر مغز بادام شیریں چھلے ہوئے ۲۵۰ گرام، چینی ۱۲۵ گرام، گوند کیکر مغز بادام شیریں چھلے ہوئے ۲۵۰ گرام، چینی ۱۲۵ گرام، گوند کیکر ۲۵ گرام، سب ادویہ کو علیحدہ پیس کر ملائیں، یہ سفوف خراش دار کھانسی کے لئے ازحد مفید ہے، خوراک ۵ گرام سے ۸ گرام تک استعمال کریں۔
لعوق بادام
مغز بادام شیریں چھلے ہوئے دس گرام، بہی دانہ دس گرام ، ملٹھی مقشر تین گرام، سب چیزوں کو پیس کر سفوف بنالیں، بعدمصری ۲۵ گرام کو عرق گاؤ زبان ۲۰ گرام میں قوام کر کے ملائیں، لعوق تیار ہے، خشک کھانسی کیلئے بہت مفید ہے۔ بوقت ضرورت چاٹ لیا کریں۔
منجن بادام
بادام کا سخت چھلکا (جلا ہوا) ۵۰۰ گرام، سیند نمک ۲۵۰ گرام، مرچ سیاہ ۲۵۰ گرام،کباب خندہ ۵۰ گرام، مازو پھل ۲۵۰ گرام اچھی طرح کپڑ چھان کر لیں، صبح و شام مسواک سے دانتوں پر ملیں دانتوں کا ہلنا، مسوڑھوں سے خون آنا، اور منہ کی بدبو وغیرہ کے لئے از حد مفیدہے۔
بادام گھول
مغز بادام چھلے ہوئے دس گرام، عرق گلاب ۴۰ گرام، باداموں کا گلاب میں پیس کر گھول بنالیں چہرے پر ملنے سے جلد کو ملائم کرتا ہے اور خوشنما بناکر داغ دھبے دورکرتا ہے۔
شربت بادام
مغز بادام ۱۰۰ گرام پیس کر تین گنا پانی میں شیرہ نکال لیں اور نرم آگ پر پکائیں اور اس میں چینی سفید ۷۵۰ گرام ملا کر نرم سا قوام تیار کریں۔مقوی دل و دماغ و جگر ہے موسم گرما میں شدت کی پیاس کو دور کرتا ہے۔دیگر مغز بادام شیریں، چہار مغز ہر ایک ۵۰ گرام، ان دونوں چیزوں کا ۵۰۰ گرام پانی میں پیس لیں، اور اس میں ۷۵۰ گرام چینی ملا کر شربت کا قوام بنالیں۔
شربت بادام صندل
مغز بادام شیریں ۵۰ گرام، برادہ صندل سفید ۱۰ گرام، دانہ الائچی خورد ۵ گرام، سب کو ۵۰۰ گرام عرق گلاب میں کوٹ چھان کر ۷۵۰ گرام چینی سفید ملا کر شربت بنائیں، ۵۰ گرام شربت میں حسب ضرورت پانی ملا کر دن میں دو بار پیا کریں، کمزوری دماغ، موسم گرما کی تپش اور گرمی کے لئے از حد مفید ہے۔
حلوۂ بادام خشک
مغز بادام چھلے ہوئے ۲۰۰ گرام، مغز چلغوزہ ، مغز بیج کدوئے شیریں، مغز چرونجی، خشخاش سفید ہر ایک ۵۰ گرام، کوٹ لیں اور چینی سفید آدھا کلو پانی میں حل کر کے چھانیںاور ۱۰۰ گرام عرق گلاب اضافہ کر کے قوام بنائیں اور اوپر سے مغز ملائیں، اس کے بعد برفی کی طرح پھیلا کر دو سو گرام چینی سفید باریک پیس کر اوپر چھڑک کر برفی کی طرح ٹکڑیاں کاٹ لیں۔ ہر روز ۲۵ گرام سے ۷۵ گرام تک استعمال کر کے اوپر سے نیم گرم دودھ استعمال کریں۔ قوت وکمزوری ضعف دماغ کے لے از حد مفید ہے موسم سرما کا گھریلو نسخہ ہے۔
سفوف مقوی دماغ
سونف ، دھنیا، مغز بادام شیریں چھلے ہوئے مصری تمام ادویہ کے برابر ، سوتے وقت دس گرام یہ سفوف ہمراہ دودھ نیم گرم سے استعمال کریں اس کے بعد پانی نہ پئیں۔
دیگر : مغز بادام شیریں ۵ دانہ، رات کو پانی میں بھگو دیں، صبح چھلکا اتار کر پتھر پر ہاتھ سے ایک سر اپکڑ کر گھسیں۔ اس کے بعد اس میں ۵۰ گرام مکھن ، ۵۰ گرام بورا کھانڈ اور ۵ عدد ورق چاندی ملا کر صبح صبح ناشتہ کریں۔ مغز بادام ، چرونجی برابر ۵ گرام سے دس گرام بوقت صبح ہمراہ دودھ نیم گرم استعمال کریں۔
خمیرہ بادام
مغز بادام شیریں چھلے ہوئے ۱۲۵ گرام، دودھ گائے میں اچھی طرح پیس کر ۲۰۰ گرام مصری کے قوام میں بنالیں، جب قوام بننے لگے تو ۵ گرام چھوٹی الائچی کے مغز اور ورق چاندی بارہ عدد ملائیں۔
آدھا سر درد
میرے والد محترم بڑے حکیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ آدھے سر کے درد میں مبتلا لوگوں کو بادام کی کھیر کھانے کا مشورہ دیتے تھے جو نہایت مجرب ہے۔
ترکیب: 20بادام پانی میں بھگو کر رکھدیں علی الصباح اس کو سل پر باریک پیس لیں اور ایک گلاس دودھ میں اچھی طرح سے پکائیں حسب ضرورت شکر ملا کر صبح سورج نکلنے سے پہلے پی لیں صرف 21 روز کریں انشاء اللہ آدھے سر درد سے ضرور نجات ملے گی۔



