مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افراد کے انتخابات میں شرکت پر تاحیات پابندی
مسئلہ مذکورہ میں پیش عرضی پر مرکز اور الیکشن کمیشن سے سپریم کورٹ کا جواب طلب
نئی دہلی،10فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سپریم کورٹ نے مجرمانہ پس منظر والے لوگوں کے الیکشن لڑنے پر تاحیات پابندی لگانے کی درخواست پر مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو جواب داخل کرنے کے لیے تین ہفتے کا وقت دیا ہے۔ عدالت کیس کی اگلی سماعت 4 مارچ کو کرے گی۔ کیس کی سماعت کرتے ہوئے تین ججوں کی بنچ نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم عصمت دری یا قتل کیس میں قصوروار پایا جاتا ہے تو وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے اور اسے واپس نہیں ملتی، لیکن اگر کوئی ایم پی/ایم ایل اے قصوروار پایا جاتا ہے تو اسے 6 سال تک الیکشن لڑنے سے روک دیا جاتا ہے۔اس کے بعد وہ دوبارہ الیکشن لڑ سکتا ہے اور ایم پی یا ایم ایل اے یا وزیر بن سکتا ہے۔
اس لیے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 8 اور 9 کا جائزہ لینا ہوگا۔ یہ عرضی سپریم کورٹ کے وکیل اور بی جے پی لیڈر اشونی کمار اپادھیائے نے دائر کی ہے۔ درخواست پر پچھلی سماعت کے دوران، عدالت کی طرف سے مقرر کردہ امیکس کیوری سینئر ایڈوکیٹ وجے ہنساریا نے مشورہ دیا تھا کہ سزا یافتہ سیاستدانوں کو زندگی بھر الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔درخواست میں کہا گیا کہ آر پی اے کے سیکشن 8 کے تحت دو سال یا اس سے زیادہ قید کی سزا پانے والے سیاستدان کو غلط رعایت دی گئی۔ ایسا سزا یافتہ رہنما اپنی سزا پوری کرنے کے چھ سال بعد الیکشن لڑنے کا اہل ہو جاتا ہے۔ اس دفعہ کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
وجے ہنساریا نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں سماعت کو بار بار ملتوی کیا جاتا ہے اور سماعت ملتوی کرنے کی وجوہات بھی نہیں بتائی جاتی ہیں۔ اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ بہت سی ریاستیں ایسی ہیں جہاں ایم پی/ایم ایل اے عدالتیں ابھی تک تشکیل نہیں دی گئی ہیں۔وجے ہنساریا نے عدالت کو مشورہ دیا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن یہ قاعدہ نہیں بنا سکتا کہ سیاسی جماعتیں سنگین جرائم میں سزا یافتہ لوگوں کو پارٹی عہدیداروں کے طور پر مقرر نہیں کرسکتیں۔
امیکس کیوری نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سزا سے رکن اسمبلی یا ایم ایل اے کو الیکشن لڑنے سے چھ سال کی پابندی لگتی ہے۔ چھ سال بعد وہ دوبارہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ لہذا، یہ آئین کے آرٹیکل 14 (برابری کا حق) کی خلاف ورزی ہے۔



