بین الاقوامی خبریں

اسرائیل میں شتر مرغ کے سات ہزار برس پرانے انڈوں کی دریافت

اسرائیلی ماہرین کو شتر مرغ کے ساڑھے سات ہزار برس پرانے کئی انڈے ملے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس ، 13جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اسرائیلی ماہرین کو شتر مرغ کے ساڑھے سات ہزار برس پرانے کئی انڈے ملے ہیں۔ اسرائیل میں آثار قدیمہ کے ملکی محکمے کے مطابق ہزاروں برس پرانے ان انڈوں کی تعداد آٹھ ہے اور وہ صحرائے نجف کے علاقے سے ملے۔تل ابیب سے جمعرات 12 جنوری کو اسرائیل کی آثار قدیمہ کی اتھارٹی کے حوالے سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ یہ انڈے ثابت نہیں بلکہ شتر مرغ کے انڈوں کے چھلکے ہیں، جو ماہرین کو ایک قدیمی آتش دان کے قریب سے ملے۔شتر مرغ کے انڈوں کے ان چھلکوں کے بارے میں ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ چار ہزار سال سے لے کر ساڑھے سات ہزار سال پرانے ہیں اور اس لیے بہت اچھی حالت میں ہیں کہ وہ بظاہر ہزاروں سال ریتلے ٹیلوں کے نیچے دبے ہوئے پڑے رہے۔

آثار قدیمہ کے اسرائیلی محکمے کے ڈائریکٹر امیر گورزالکزینی کے مطابق انڈوں کے ان چھلکوں کو قدرتی طور پر بہت اچھی حالت میں محفوظ رکھنے میں متعلقہ خطے کے انتہائی خشک موسم نے کلیدی کردار ادا کیا۔ماہرین کے مطابق اس دریافت سے ماہرین کو یہ سمجھنے میں بڑی مدد ملے گی کہ اس خطے میں ہزاروں برس پہلے رہنے والے خانہ بدوش کس طرح کی زندگی گزارتے تھے۔ اس دور میں اس خطے میں شتر مرغ بہت بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے۔اس خطے میں ان عظیم الجثہ پرندوں کی اپنے قدرتی ماحول میں پائی جانے والی نسل 19 ویں صدی میں ناپید ہو گئی تھی۔

گورزالکزینی نے بتایا کہ ماضی میں اس حوالے سے ملنے والے قدیمی شواہد کے مطابق مشرق وسطیٰ کے اس خطے میں شتر مرغ کے انڈے انسانی خوراک کے ذریعے کے علاوہ مختلف طرح کی اشیائے تعیش، زیورات اور پانی کے برتن تیار کرنے کے لیے بھی استعمال ہوتے تھے۔گورزالکزینی نے بتایا کہ صحرائے نجف سے ملنے والے شتر مرغ کے ان آٹھ انڈوں کا آئندہ تفصیلی مطالعہ تو لیبارٹری میں کیا ہی جائے گا، تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ انڈوں کے یہ چھلکے جہاں سے ملے، وہاں وہ ایک خاص ترتیب سے رکھے ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button