بین الاقوامی خبریں

ترکیہ انتخابات: صدارتی امیدوار 50 فیصد ووٹ لینے میں ناکام، دوسرا راؤنڈ متوقع

اب تک کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر سکا

استنبول ، 15مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب ایردوان کو حزبِ اختلاف کے امیدوار کمال کلچدار اولو پر برتری حاصل ہے لیکن اب تک کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر سکا ہے جس کے نتیجہ میں پہلے دو امیدواروں کے درمیان ایک مرتبہ پھر انتخابی معرکہ متوقع ہے۔اتوار کو ہونے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک 98 فی صد سے زائد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق رجب طیب ایردوان نے 49 اعشاریہ تین نو فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ان کے مدِ مقابل کمال کلچدار اولو نے 44 اعشاریہ نو دو فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔اگر کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کرتا تو اس صورت میں اول اور دوم پوزیشن پر آنے والے امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو ووٹنگ کا اگلا راؤنڈ ہو گا۔انتخابات کرانے والے ادارے سپریم الیکٹورل بورڈ نے کہا ہے کہ وہ انتخابات کی دوڑ میں شریک سیاسی جماعتوں کو بروقت اور ساتھ ساتھ گنتی کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے۔ لیکن اس وقت تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا جب تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

کلچدار اولو انتخابات کے دوسرے دور میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔انہوں نے اپنے حامیوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایردوان کی جماعت ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے عمل میں مداخلت کر رہی ہے۔دوسری جانب ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران ہی رجب طیب ایردوان کی جماعت کے ہزاروں کارکن انقرہ میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر جمع ہوئے اور پارٹی کے نغموں پر جھومتے رہے۔رجب طیب ایردوان نے اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم دو کروڑ ساٹھ لاکھ ووٹ حاصل کر کے اپنے مخالف امیدوار سے آگے ہیں اور امید ہے کہ ووٹوں کی اس تعداد میں سرکاری نتیجہ آنے کے بعد مزید اضافہ ہو گا۔انتخابات سے قبل انتخابی جائزوں میں چھ جماعتوں کے مشترکہ امیدوار کلچدار اولو کو طیب ایردوان پر برتری حاصل تھی۔

جمعے کو دو انتخابی جائزوں میں کلچدار اولو کو 50 فی صد سے زیادہ ووٹ ملنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ترکیہ کے انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے والے صدارتی امیدوار سینان اوگن ہیں جو اب تک پانچ اعشاریہ تین فی صد ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سینان انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کنگ میکر ثابت ہو سکتے ہیں۔اسٹرٹیجک ایڈوائزری سروسز نامی کنسلٹنٹ فرم کے منیجنگ ڈائریکٹر حقان اکباس کا کہنا ہے کہ اگلے دو ہفتے ترکیہ کی تاریخ کے طویل ترین دو ہفتے ہوں گے جن میں بہت کچھ متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button