شیخ حسینہ واجد کیخلاف قتل کے مقدمات کی تعداد 100 ہوگئی
سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف قتل کے مقدمات کی تعداد 100 ہوگئی
ڈھاکہ ، 30اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف قتل کے مقدمات کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم اور عوامی لیگ کی رہنما حسینہ واجد کیخلاف 5 اگست کو استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہونے کے بعد سے قتل کے 100مقدمات درج ہوچکے ہیں۔یہ مقدمات طلبا تحریک کے دوران 16 جولائی سے 5 اگست کے درمیان پولیس اور عوامی لیگ کے کارکنوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کی طرف سے درج کرائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ 5 اگست کو طلبا کے احتجاج اور 300 سے زائد لوگوں کی ہلاکت کے بعد بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد شدید دباؤ کے پیش نظر استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہو کر بھارت آ گئی تھیں۔
شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کے بعد آرمی چیف نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور پھر نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم کی گئی۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق حسینہ واجد اور عوامی لیگ کے سینئر رہنماؤں کیخلاف قتل کا پہلا مقدمہ 13 اگست کو ڈھاکا میں درج کیا گیا تھا۔تازہ ترین مقدمہ آج 29 اگست کو انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کی تحقیقاتی ایجنسی میں درج کیا گیا ہے، جس میں حسینہ واجد اور 57 دیگر افراد پر طلبا تحریک کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نسل کشی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملزمان میں 32 صحافی بھی شامل ہیں جن پر طلبہ تحریک کے دوران نسل کشی پر اکسانیکا الزام ہے۔حسینہ واجد کے خلاف قتل کا 100 واں مقدمہ بنگلادیشی صحافی حسن محمود کے قتل کے الزام میں مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حسینہ واجد کے خلاف 100 میں سے 8 مقدمات انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کی تحقیقاتی ایجنسی میں نسل کشی کے الزامات کے تحت درج کیے گئے ہیں جب کہ باقی 92 مقدمات قتل کی دفعات کے تحت ملک کے مختلف تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔قتل کے ان 100 مقدمات کے علاوہ حسینہ واجد کیخلاف ایک مقدمہ جبری گمشدگی اور اغوا کے الزامات کے تحت بھی درج کیا گیا ہے۔



