نیویارک، 22اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس میں نااہلی کے بعد ایک بار پھر پاکستان میں سربراہانِ مملکت سے ملنے والے تحائف اور توشہ خانے سے متعلق قواعد زیرِ بحث ہیں۔سربراہانِ مملکت کو ملنے والے تحائف سے متعلق مختلف ممالک میں قواعد و ضوابط بھی پائے جاتے ہیں اور کبھی کبھی ان ضابطوں پرعمل درآمد متعلقہ محکموں کے لیے دردِ سر ثابت ہوتا ہے۔یہ صدر جارج ڈبلیو بش کے دور کی بات ہے کہ ان کے عملے نے نیشنل آرکائیو کے شعبے کو کہا کہ وہ ضابطے کے مطابق صدر کو ملنے والے ایک تحفے کو اپنی تحویل میں لے لیں۔
نیشنل آرکائیو کے اہل کار نے پوچھا کہ وہ تحفہ کیا ہے؟ جس پر عملے کی رکن کا جواب تھا ’ایک کتا،‘آرکائیو کے اہلکار نے دوبارہ سوال کیا یہ کوئی مجسمہ ہے؟ اہل کار نے نے جواب دیا کہ نہیں یہ ایک پیارا سا کتا ہے۔ جس پر آرکائیو کے اہل کار نے جواب دیا کہ کتا پیارا ہے یا نہیں ہم صدر کو ملنے والے کسی ’زندہ‘ تحفے کو تحویل میں نہیں لے سکتے۔صدر بش کو بلغاریہ کے صدر سے تحفے میں ملنے والا یہ کتا وائٹ ہاؤس اور نیشنل آرکائیو دونوں ہی کے لیے ایک مسئلہ بن گیا۔ اس کی وجہ ہے کہ امریکہ میں صدر کسی غیر ملکی سربراہ مملکت سے لیا گیا تحفہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتا۔ یہ تحفہ اس کی ذاتی ملکیت تصور نہیں ہوتا۔چھوٹے موٹے تحفے اگر وہ اپنے پاس رکھنا بھی چاہیں تو قواعد کے مطابق اس کی قیمت متعین ہے۔ باقی تمام اشیا نیشنل آرکائیو کی تحویل میں چلی جاتی ہیں۔ یہاں سے یہ اشیا بعدازاں، امریکی روایت کے مطابق صدر کی سبکدوشی کے بعد ان کے زیر استعمال رہنے والی اشیا ، کتابوں، تحائف، دستایزات وغیرہ پر مشتمل ان کے نام سے موسوم لائبریری میں رکھ دی جاتی ہیں۔
صدر بش کے خاندان کو ملنے والے کتے کے اس تحفے کو سرکاری مال خانے میں تو رکھا نہیں جاسکتا تھا اس لیے بالآخر اسے صدر کے خاندان ہی کو اپنے پاس رکھنا پڑا تاہم امریکہ میں صدر اور سرکاری عہدے داران کے لیے تحائف لینے کے کڑے قواعد بنائے گئے ہیں۔اگرچہ سربراہانِ مملکت خیر سگالی کے اظہار کے لیے تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں۔ تاہم امریکہ کے آئین میں کسی حکومتی اہل کار کو کسی غیر ملکی سربراہِ مملکت سے کانگریس کی منظوری کے بغیر تحفہ قبول کرنے کی ممانعت ہے۔البتہ 1928 میں جب عالمی سطح پر امریکہ کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا تو پہلے تحائف کے لین دین سے متعلق امریکہ میں باقاعدہ پروٹوکول ڈویڑن بنایا گیا۔



