بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکہ: تین لاکھ سے زیادہ تارکین وطن کی عارضی رہائش میں اضافے کا فیصلہ

بائیڈن انتظامیہ نے کہا کہ وہ ان تین لاکھ سے زیادہ تارکین وطن کی عارضی قانونی حیثیت کو 2025 تک توسیع دے دیگا

نیویارک ،15جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بائیڈن انتظامیہ نے کہا کہ وہ ان تین لاکھ سے زیادہ تارکین وطن کی عارضی قانونی حیثیت کو 2025 تک توسیع دے دے گا جو ٹر مپ انتظامیہ کے دور میں وطن واپسی اور ورک پرمٹ کے خاتمے کا سامنا کر چکے ہیں۔ان تارکین وطن میں ایل سیلوا ڈور، ہنڈوراس، نیپال اور نکارا گوا سے آنے والے تارکین وطن شامل ہیں۔عارضی تحفظ کی حیثیت سے متعلق پروگرام،TPS، کے تحت، صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ ان چار ملکوں کے پناہ گزینوں کو امریکہ میں اپنی قانونی رہائش اور ملازمت جاری رکھنے کی اجازت دے گی۔ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر الہاندرو میورکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عارضی تحفظ کی حیثیت میں توسیع کے ذریعے ہم ٹی پی ایس سے فی الحال مستفید ہونے والے ان چار ملکوں کے شہریوں کی حفاظت اورتحفظ جاری رکھ سکیں گے جو پہلے ہی امریکہ میں موجود ہیں اورماحولیاتی آفات کے اثرات کی وجہ سے اپنے ملکوں میں واپس نہیں جاسکتے۔

ٹی پی ایس پروگرام کے تحت امریکہ آ کر رہنے والوں کو امریکہ کی مستقل رہائش نہیں مل سکتی لیکن یہ انہیں 18 ماہ تک امریکہ میں قانونی حیثیت اور وطن واپسی سے تحفظ ضرور فراہم کرتا ہے۔ یہ ان لوگوں کو امریکہ میں قانونی طور پر کام کرنے کے لیے ورک پرمٹس بھی فراہم کرتا ہے۔کانگریس نے 1990 میں ٹی پی ایس پروگرام تشکیل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو تارکین وطن اپنے آبائی ملکوں میں محفوظ نہیں ہیں، اگر وہ امریکی حکومت کے طے شدہ تقاضے پورے کرتے ہیں تو وہ ایک مخصوص وقت تک امریکہ میں رہ سکتے ہیں اور کام کر سکتے ہیں۔

اس وقت امریکہ میں ٹی پی ایس کے تحت نامزد 16ملکوں میں افغانستان، کیمرون، ایل سلواڈور، ایتھوپیا، ہیٹی، ہونڈوراس، میانمار، نیپال، نکاراگوا، صومالیہ، جنوبی سوڈان، سوڈان، شام، یوکرین، وینزویلا اور یمن شامل ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ نے زیادہ تر TPS پروگراموں کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہ دلیل دی تھی کہ سابقہ حکومتوں نے ان کا غلط استعمال کیا تھا تاہم، یہ کوششیں وفاقی عدالت میں روک دی گئیں۔

دوسری جانب، بائیڈن حکومت نے ٹیکساس کی سرحدی کراسنگ سے پناہ کے متلاشیوں کو امریکہ میں داخلے کے لئے مو بائیل ایپ اپوائنمنٹ کا سلسلہ روک دیا ہے۔ یہ کارروائی اس کے بعد کی گئی ہے جب کہ وکلاء نے امریکی حکام کو خبردار کیا تھا کہ کہ یہ سرحدی کراسنگ، میکسیکو کے ایک خطرناک شہر سے جڑی ہوئی ہے،جہاں پناہ کے ان متلاشیوں کو بھتہ وصول کرنے کے لئے ہدف بنایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button