بنگلہ دیش میں حکومتی دھڑن تختہ:نوبل انعام یافتہ محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ مقرر
بنگلہ دیش کے صدر نے منگل کو پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا تھا،
ڈھاکہ ، ۷؍اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی ملک کی عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری کا اعلان،بنگلہ دیش کے صدر نے بدھ کو فوجی رہنماؤں، طلباء مظاہرین اور سول سوسائٹی کے اراکان سے ملاقات کے بعد کیا ہے۔یہ اعلان وزیر اعظم شیخ حسینہ کیخلاف طلباء کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں ہونے والی عوامی بغاوت کے دوران ان کے مستعفی اور فرار ہونے کے بعد کیا گیا۔بدھ کو علی الصبح یہ اعلان صدر محمد شہاب الدین کے پریس سکریٹری عابدین نے کیا۔ عابدین نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے فون پر بات کی۔طلباء کے احتجاج کے رہنماؤں، ملک کی تینوں افواج کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ ساتھ کچھ کاروباری رہنماؤں نے منگل کو صدر کے ساتھ پانچ گھنٹے سے زیادہ دیر تک ملاقات کی تاکہ عبوری انتظامیہ کے سربراہ کا فیصلہ کیا جا سکے۔
بنگلہ دیش کے صدر نے منگل کو پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا تھا، جس سے طویل عرصے تک برسر اقتدار رہنے والی وزیر اعظم کی جگہ نئے انتخابات کا راستہ ہموار ہو گیا۔ حسینہ نے اپنی حکمرانی کے خلاف کئی ہفتوں کے مظاہروں کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا اور ملک سے فرار ہو گئی تھیں۔اس سے قبل بنگلہ دیش کے نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے منگل کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ وہ نگراں حکومت کی سربراہی کے لیے تیار ہیں، ان کا یہ بیاں بڑے پیمانے پر احتجاج کے نتیجے میں ملک کی دیرینہ حکمران شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور فرار اور فوج کی جانب سے ملک کاکنٹرول سنبھالنے کے ایک دن بعدسامنے آیا۔مائیکرو فنانس کے علمبردار 84 سالہ یونس کے سر لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے کا سہرا ہے — جس سے انہیں معزول شیخ حسینہ کی دشمنی اور لاکھوں بنگلہ دیشیوں کا وسیع پیمانے پر احترام حاصل ہوا۔انہوں نے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہاکہ اگر بنگلہ دیش میں، میرے ملک کے لیے اور اپنے لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کارروائی کی ضرورت پڑی، تو میں ایسا کروں گامحمد یونس نے قرضے دینے والاگرامین بینک قائم کیا تھا۔ اس بینک کے ذریعے بنگلہ دیش میں غربت کے خاتمے کے لیے محمد یونس کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2006 میں نوبیل امن انعام دیا گیا تھا۔
محمد یونس نے اُن دیہی علاقوں میں مجموعی طور پر تقریباً 10 کروڑ ڈالر کے قرضے دیئے تھے، جنہیں عام طور پر بینک نظر انداز کر دیتے ہیں۔ گرامین بینک کے ماڈل پر دنیا میں ترقی یافتہ ممالک سمیت دیہی علاقوں میں چھوٹے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی کے کئی منصوبے شروع ہوئے۔ انہوں نے امریکہ میں بھی ایسا ہی ایک ادارہ قائم کیا۔ اپنی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کے ساتھ 2007 میں محمد یونس نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کی کوشش کی۔ تاہم 84 سالہ محمد یونس کا سیاسی سفر بہت مختصر رہا۔ لیکن محمد یونس کے سیاسی مقاصد سامنے آنے سے شیخ حسینہ بہت برہم ہوئیں اور ان پر غریبوں کا خون چوسنے کا الزام بھی عائد کیا۔بنگلہ دیش اور اس کے ہمسایہ بھارت سمیت بعض ممالک دنیا میں مائیکرو کریڈٹنگ (چھوٹے قرضوں) پر یہ تنقید کرتے ہیں کہ ان کے عوض غریبوں سے بہت زیادہ سود وصول کیا جاتا ہے۔ لیکن محمد یونس کے مطابق ان کے فراہم کیے گئے قرضوں پر لیے جانے والا سود ترقی پذیر ممالک کی شرح سود سے کم ہے۔شیخ حسینہ کی حکومت نے 2011 میں محمد یونس کو گرامین بینک کی سربراہی سے برطرف کردیا تھا۔ْْ
اس اقدام کے لیے حکومت نے محمد یونس کی عمر کو بنیاد بنایا تھا جو اس وقت 73 برس تھی۔ حکومت کا کہنا تھا کہ یونس ریٹائرمنٹ کے لیے متعین قانونی حد 60 برس عبور کرچکے ہیں۔ اس اقدام کیخلاف ہزاروں بنگلہ دیشیوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر احتجاج کیا تھا۔رواں برس جنوری میں محمد یونس کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر چھ ماہ قید کی سزا دی گئی تھی۔ بعد ازاں جون میں محمد یونس اور 13 دیگر افراد پر تقریباً 20 لاکھ ڈالر کی خورد برد کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔اگرچہ کسی بھی کیس میں محمد یونس کو قید نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم انہیں کرپشن سمیت دیگر الزامات کے تحت 100 مقدمات کا بھی سامنا تھا۔



