بین الاقوامی خبریںسرورق

نجی چینی طیارے پر بشار الاسد کا سفر کئی چھپے پیغامات دے گیا

چین اور شام کے درمیان دو روز قبل اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا اعلان

دبئی،25ستمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)چین اور شام کے درمیان دو روز قبل سٹریٹجک پارٹنر شپ کا اعلان کیا گیا۔ یہ اعلان شام کے صدر بشار الاسد کے تقریباً دو دہائیوں میں اتحادی ملک کے پہلے سرکاری دورے کے دوران کیا گیا۔ یہ دورہ عالمی سطح پر خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں اپنے کردار کو بڑھانے کے لیے چینی کوششوں کی عکاسی کر رہا ہے۔چینی حکومت برسوں سے ایک سفارتی نقطہ نظر پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد اپنی سیاسی اور اقتصادی موجودگی کو اجاگر کرنا اور شام جیسے جنگ اور تنہائی کا شکار ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔دوسری طرف دمشق بھی تعمیر نو کے مرحلے کے لیے اتحادی ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام میں لڑائی شروع ہونے کے بعد 12 سال گزر گئے ہیں اور جنگ نے اس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔

مغربی اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کی وجہ سے شام کی معیشت مسلسل بگاڑ کا شکار ہے۔دمشق کی سفارتی تنہائی کی دیواروں کو توڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے بیجنگ نے ہفتے کے روز چین کے شہر ہانگ زو میں ہونے والے ایشین گیمز کے انیسویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے بشار الاسد اور ان کی اہلیہ کو سرکاری دعوت پر مدعو کیا۔مشرق وسطی میں چینی مفادات کا مطلب کیا ہے؟ اس سوال کے جواب میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر اور چینی امور کے محقق ڈاکٹر نبیل سورور کا خیال ہے کہ بشار الاسد کے دورے سے ملنے والی توجہ پورے خطے میں چین کی دلچسپی کے دائرے میں آتی ہے۔ عرب ورلڈ نیوز ایجنسی (اے ڈبلیو پی) کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شام کے صدر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کو اس کی سرزمین پر پہنچانے کے لیے چین نے نجی طیارہ دمشق بھیجا تھا۔

مشرق کی طرف جانا ہماری سیاسی ضمانت ہے: بشارالاسد

 اپنے دورہ چین کے چوتھے دن شام کے صدر بشار نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک مشرقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی ضمانت کے طور پر مضبوط کرنے کے لیے زیادہ پرعزم ہے۔اُنہوں نے آج سوموار کواپنے بیان میں چینی وزیر اعظم لی کیانگ سے ملاقات کے دوران شام اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اندر مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے بنانے کے لیے تجویز کردہ تین اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوطی سے شروع کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے زلزلے کی تباہی سے نمٹنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین کی حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری طرف چینی وزیر اعظم نے شام کے لیے اپنے ملک کی مسلسل حمایت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک صدر بشارالاسد اوران کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے دوران اسٹریٹجک تعلقات کے قیام کا اعلان کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے تاکہ شام کو تعمیر نو اور استحکام کے قیام میں مدد فراہم کی جا سکے۔گذشتہ جمعے کو اپنے شامی ہم منصب سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک نے مختلف سطحوں پر ’اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘ قائم کی ہے۔اس شراکت داری جس کا اعلان اتحادی ملک کے تقریباً دو دہائیوں میں اسد کے پہلے سرکاری دورے کے دوران کیا گیا تھا اس نے عالمی منظر نامے پر بالعموم اور مشرق وسطیٰ میں بالخصوص شام میں اپنے کردار کو بڑھانے کی چینی کوششوں پر روشنی ڈالی۔طویل عرصے تک جاری رہنے والی تلخ جنگ کے بعد شام ایک گھمبیر معاشی بحران کا شکار ہے۔ اس خانہ جنگی سے بنیادی ڈھانچے کا بیشتر حصہ تباہ ہوگیا، بعض پورے شہر تباہ ہو گئے، اور لاکھوں پناہ گزین بیرون ملک نقل مکانی پرمجبور ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button